بانی پاکستان کا یوم پیدائش منایا گیا۔مزار پر گارڈز تبدیل
کراچی(خبر ایجنسیاں) بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کا 143 واں یوم پیدائش ملی یکجہتی اور جوش و جذبے سے منایا گیا۔مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔پی ایم اے کے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستہ نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔دستے میں خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں۔فضائیہ کا دستہ گارڈز کے فرائض سے سبکدوش ہو گیا۔قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔ مہمان خصوصی کمانڈنٹ پی ایم اے میجر جنرل اختر نواز ستی نے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر اعلی مراد علی شاہ اور میئر کراچی وسیم اختر نے بھی مزار قائد پر حاضری دیکر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثر ات درج کئے۔ بابائے قوم کے یوم پیدائش پر کراچی سمیت ملک بھر میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا ، جس میں قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔