بین کرافٹ نے بال ٹیمپرنگ کا سارا ملبہ وارنر پر ڈال دیا
میلبورن (امت نیوز) بال ٹیمپرنگ میں سزا پانے والے آسٹریلوی کرکٹر بین کرافٹ نے ٹیمپرنگ کا سارا ملبہ ڈیوڈ وارنر پر ڈال دیا۔آسٹریلوی بورڈ نے بال ٹیمپرنگ کا جرم ثابت ہونے پر کپتان اسٹیو اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر پر ایک ایک سال اور بین کرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی تھی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بین کرافٹ کو سینڈ پیپر سے بال کو خراب کرتے دیکھا گیا تھا۔فوکس اسپورٹس کو دیے گئے اپنے خصوصی انٹرویو میں بین کرافٹ نے کہا کہ مجھے ڈیوڈ وارنر نے گیند کی شکل بگاڑنے کا کہا اور مجھے اس وقت ایسا کرنا ہی بہتر لگا تھا۔بین کرافٹ نے کہا کہ مجھے اپنی غلطی کی بڑی قیمت ادا کرنا پڑی، اس واقعے کے بعد محسوس کیا کہ میں نے ہر کسی کو شرمندہ کیا ہے۔یاد رہے کہ بین کرافٹ کی 9 ماہ کی پابندی 29 دسمبر کو ختم ہوگی جبکہ اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی ایک سال کی پابندی 29 مارچ کو ختم ہوگی۔