خاتون کے قتل میں شوہر کا دوست ملوث نکلا
کراچی (رپورٹ: خالد سلمان) سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے نور محمد گوٹھ میں خاتون کو شوہر کے دوست نے زیادتی کے بعد قتل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ اور ملزم کے آپس میں تعلقات تھے ۔ مقتولہ وقوعہ والے روز صبح گھر سے چپل خریدنے کا کہہ کر گئی جس کے بعد سے لاپتہ تھی۔ جبکہ واردات کے بعد ملزم اپنے بچوں کے ساتھ فرار ہوگیا۔ پولیس نے مقتولہ کے شوہر کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔ ذرائع کے مطابق نور محمد خان گوٹھ میں واقع گھر سے گزشتہ روز 30سالہ حاجرہ زوجہ حلیم خان کی گلہ کٹی برہنہ حالت میں لاش ملی تھی۔ ایس آئی او انسپکٹر نذر محمد نے ”امت“ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مقتولہ کا شوہر حلیم خان افضل نامی شخص کے ساتھ محنت مزدوری کرتا تھا، دونوں کے اہلخانہ کا ایک دوسرے کے گھر آنا جانا بھی تھا، ایس آئی او نے مزید بتایا کہ مقتولہ حاجرہ کے شوہر حلیم خان نے پولیس کو بتایا کہ وہ پیر کی رات گھر آیا تو اسکی بیوی موجود نہیں تھی جس پر وہ اپنی اہلیہ کو ڈھونڈتا ہوا اپنے دوست افضل کے گھر پہنچا تو گھر کا دروازہ بند اور اندر کوئی نہیں تھا، جب وہ گھر کے اندر کمرے میں پہنچا تو اسکی اہلیہ کی برہنہ حالت میں گلہ کٹی چادر میں لپٹی ہوئی لاش پڑی ہوئی تھی، جب کہ افضل اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ فرار ہوگیا ہے اور اس نے اپنا موبائل فون بھی بند کیا ہوا ہے۔تفتیشی افسر کے مطابق پوسٹمارٹم میں مقتولہ کے ساتھ زیادتی کے شواہد بھی ملے ہیں، تفتیشی افسر کے مطابق ہوسکتا ہے کہ ملزم مقتولہ کو پسند کرتا ہو اور اس نے کسی اور کے ساتھ دیکھ کر طیش میں آکر مقتولہ کو قتل کیا ہو، پولیس تمام پہلوؤں پر تفتیش کررہی ہے۔