کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں کیویز کی گرفت مضبوط
کرائسٹ چرچ (امت نیوز) نیوزی لینڈ کی سری لنکا کے خلاف دوسرے اور فیصلہ کن کرکٹ ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط ہوگئی، آئی لینڈرز مشکلات کا شکار، ٹرینٹ بولٹ کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت سری لنکن ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 104 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ کیویز ٹیم نے میچ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر231 رنز بناکر آئی لینڈرز کے خلاف مجموعی طور پر 305 رنز کی برتری حاصل کرلی جبکہ اس کی 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ میزبان ٹیم کے جیت راوال 74 اور کپتان کین ولیمسن48 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ ٹام لیتھم ناقابل شکست 74 اور روز ٹیلر 25 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔ میچ کے دوسرے روز ٹرینٹ بولٹ نے سری لنکن ٹیم کے بقیہ6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا دی۔ ٹم سائوتھی نے پہلی اننگز میں3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر انجیلو میتھیوز 33 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ جمعرات کو کرائسٹ چرچ میں جاری دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں سری لنکن ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 88 رنز4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو انجیلو میتھیوز 27 اور سلوا 15 رنز پر کھیل رہے تھے۔ میچ کے دوسرے روز کیویز بائولرز نے انتہائی شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا۔ ٹرینٹ بولٹ نے سری لنکن ٹیم کے باقی چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا دی۔