پائلٹس سمیت 42 فضائی ملازمین کی ڈگریاں جعلی نکل آئیں

0

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی اور تعلیمی بورڈز نےپائلٹس سمیت 42 فضائی ملازمین کی ڈگریاں جعلی قراردیدیں۔سپریم کورٹ کے حکم پر 500 سے زائد فضائی ملازمین کی اسناد کی رپورٹ جامعات اور بورڈز نے جمع کرادی ،جب کہ عدالت نے مزید 26 جامعات اور22 بورڈز سے اسناد کی تصدیق کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر جامعہ کراچی،جامعہ این ای ڈی سمیت 19 بورڈز نے فضائی کمپنیوں کے 500 ملازمین کی تصدیق کی رپورٹ جمع کرادی ۔رپورٹ کے مطابق بورڈ ز نے 19اورجامعہ کراچی نے 33اسناد جعلی قرار دیدیں، 37اسناد کو نا قابل تصدیق قرار د یکر فضائی کمپنیوں سے دوبارہ ریکارڈ مانگ لیا ہے ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ رپورٹ میں پائلٹ،کیبن کریو و افسران بھی شامل ہیں۔قومی و نجی ایئر لائنز اور سول ایوی ایشن کے 500سے زائد افسران و ملازمین کا ریکارڈ تصدیق کرانے کے لئے انٹر بورڈ،میٹرک بورڈ اور جامعہ کراچی بھیجا گیا تھا جبکہ 60اسناد این ای ڈی یونیورسٹی بھیجی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق انٹر بورڈ نے 25اسناد ناقابل تصدیق قرار دی ہیں،میٹرک بورڈ کے7 سرٹیفکیٹ جعلی نکلے، جبکہ 7سرٹیفکیٹ ناقابل تصدیق قرار دیئے گئے ہیں، اسی طرح سندھ ٹیکنیکل بورڈکے3 سرٹیفکٹر ناقابل تصدیق ہیں، جب کہ جامعہ کراچی کی 33ڈگریاں جعلی نکلیں جبکہ 5ڈگریاں ناقابل تصدیق قرار دی گئی ہیں، این ای ڈی یونیورسٹی نے 60اسناد تصدیق کردی ہے۔دریں اثنا جمعہ کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں پائلٹس اور کیبن کریو کی ڈگریوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔عدالت عظمی ٰ نے 26یونیورسٹیوں سے ڈگریوں کی تصدیق کی رپورٹ طلب کر تے ہوئے تاخیر پروضاحت کیلئے یونیورسٹی ذمہ داران کو پیش ہو نے کا حکم دیا ہے، جبکہ عدالت نے 22تعلیمی بورڈز سے 24گھنٹے میں ڈگریوں کی دوبارہ تصدیق طلب کر لی۔اور سول ایوی ایشن کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 26دسمبر تک تعلیمی بورڈز سے کیے گئے رابطے کے بارے میں آگاہ کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More