پشاور (نمائندہ خصوصی) افغان طالبان نے الخندق آپریشن تیز کرتے ہوئے 9امریکیوں سمیت 38اہلکار ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ لڑائی میں چار ٹینک بھی تباہ ہو گئے ۔طالبان نے ہرات اور فاریاب صوبوں میں امریکی اور افغان فوجوں پر حملہ کیا۔ ادھر ڈرون حملے میں4طالبان مارے گئے جبکہ امریکی بمباری سے 5شہری جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق صوبہ ہرات ضلع شن ڈنڈ کے سنگ چارج اور بخت آباد کے علاقوں میں امریکیوں اور افغان فوجوں نے طالبان کے مورچوں پر حملہ کیا اور لڑائی چھڑ گئی جس میں پانچ امریکی اور پانچ افغان اہلکار موقع پر ہلاک جبکہ 4 امریکی اور سات کمانڈوز زخمی ہوگئے۔امریکی اور افغان فوج 2 مکانات کو منہدم کرکے فرار ہوگئی۔ ڈرون حملے میں 4 طالبان مارے گئے جبکہ 2 زخمی ہوئے۔ دوسری جانب صوبائی دار الحکومت ہرات شہر کے حلقہ نمبر 8 کے علاقے میں کاروائی میں ایک افسر ہلاک ہوگیا۔ صوبہ فاریاب ضلع جمعہ بازار سے اطلاع ملی کہ تپہ قشلاق اور دشت کے علاقوں میں طالبان نے افغان اہلکاروں پر حملہ کیا جس سے 4 ٹینک تباہ، 10 اہلکار ہلاک، 8 زخمی، جبکہ دیگر فرار ہو گئے۔طالبان نے ایک ایم 16 بندوق قبضے میں لے لی۔ضلع دولت آباد بازار قلعہ، آچہ اور قوچہ قلعہ کے علاقوں میں فوجی کاروان پر حملوں سے افغان اہلکاروں کو نقصانات کا سامنا کرناپڑا تا ہم تفصیلات معلوم نہ ہو سکیں۔واضح رہے کہ امریکی طیاروں کی بمباری سے3 طالبان زخمی جبکہ پانچ شہری اور طالبان جاں بحق ہو گئے ۔اسی طرح افغان صوبہ ہلمندکے نادعلی ومارجہ اضلاع میں پولیس اہلکاروں اور فوجیوں پر حملہ ہوا۔ ضلع نادعلی کے ہزارگان اور لوئی ماندہ کے علاقوں میں پولیس اہلکاروں، جنگجووٴں اور فوجیوں پر حملے میں 9 اہلکار ہلاک وزخمی ہوگئے۔ضلع مارجہ سے اطلاع ملی کہ کیمپ کے علاقے میں واقع چوکی پر لیزر گن حملہ ہوا جس سے 2 اہلکار ہلاک ہوگئے۔فراہ صوبے میں پولیس پر حملے سے ایک ہلاک جبکہ 4نے طالبان کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ۔صوبہ فراہ ضلع فراہ رود میں پولیس اہلکاروں پر حملہ جبکہ ضلع پرچمن میں 4 جنگجو طالبان سے آملے۔اطلاعات کے مطابق ضلع فراہ کے چکاب کے علاقے میں ہونے والے بم دھماکے سے ایک پولیس ہلاک ہوگیا۔ضلع پرچمن سے اطلاع ملی کہ گردخول کے علاقے میں 4 جنگجووٴں نے طالبان کے سامنے سرنڈر کر لیا ۔