پولیس آپریشن میں مفرور-منشیات ڈیلر سمیت 25ملزمان گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر) مختلف علاقوں میں پولیس کارروائیوں کے دوران مفرور، آئس (نشہ) کے ڈیلر اور گٹکا و منشیات فروش سمیت 25 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور گٹکا اور انڈین تمباکو برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گذری پولیس نے ڈیفنس فیز 7خیابان عباسی پر آئس ڈیلر روہیل کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کا ساتھی عباس فرار ہوگیا۔ ملزم پوش علاقوں میں ڈانس پارٹیوں میں لڑکے اور لڑکیوں کو منشیات سپلائی کرتا تھا۔ پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔ کورنگی پولیس نے مفرور ملزم تصور کو گرفتار کرلیا۔ شاہ لطیف پولیس نے ملزم بابر عرف بابو شیخ کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ملزم کیخلاف10سے زائد مقدمات درج ہیں۔ پی آئی بی پولیس نے عیسیٰ نگری میں مارک نامی شخص کے کارخانے پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں گٹکا، مقامی و انڈین تمباکو، بیٹری کا پانی اور اسکا سامان برآمد کرلیا۔ کارروائی کے دوران 2 ملزمان عبید اللہ اور فراز کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ کارخانہ مالک فرار ہوگیا۔ سہراب گوٹھ پولیس نے ملزم ناصر عرف گڈو کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔ شرافی گوٹھ پولیس نے منشیات فروش الیاس کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔ قائدآباد پولیس نے 5ملزمان محمد علی، محسن، حبیب اللہ، محسن اور عظیم کو گرفتار کرکے ان سے 18بوتلیں شراب اور نقدی برآمد کرلی، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں۔ شاہ فیصل پولیس نے 2ملزمان سلطان محمود اور بلال احمد کو گرفتار کرکے24بوتلیں شراب کی برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ عوامی کالونی پولیس نے مفرور ملزم سرفراز کو گرفتار کرلیا۔ درخشاں پولیس نے ملزم دانش کو گرفتار کرکے گٹکا برآمد کرلیا۔ ابراہیم حیدری پولیس نے منشیات فروش سراج کو گرفتار کرکے ایک کلو چرس برآمد کرلی۔ الفلاح پولیس نے ملزم زوہیب، گل محمد اور مہراب کو گرفتار کرکے اسلحہ ومنشیات برآمد کرلی۔ کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے 3ملزمان محمد شفیق، عبدالستار اور محمد بشر کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور گٹکا ماوا برآمد کرلیا۔ پاکستان بازار پولیس نے 2ملزمان شوکت اور انور کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔