فاروق ستار نے ’’الطاف ٹو‘‘ بننے کی کوششیں تیز کردیں

0

امت رپورٹ
متحدہ کے سابق کنوینر فاروق ستار نے ’’الطاف ٹو‘‘ بننے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ کراچی میں دہشت گردی شروع ہونے پر سیکورٹی اداروں کی جانب سے الطاف حسین کے ٹولے کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس صورت حال کو دیکھ کر فاروق ستار چاہتے ہیں کہ مہاجر قومی موومنٹ، ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کو ملا کر نیا دھڑا بنا کر اس کی سربراہی حاصل کرلیں۔ دوسری جانب متحدہ کے تمام دھڑوں کو یکجا کرنے کی کوششیں تیز ہوتا دیکھ کر لندن ٹولے کے دہشت گرد کارروائیاں کرنے لگے۔ پاک سرزمین پارٹی کے دو ذمہ داروں اور متحدہ پاکستان کے رہنما رضا علی عابدی کے بعد اب مہاجر قومی موومنٹ کے لائنز ایریا کے یونٹ انچارج حماد عباسی کو گھر کے سامنے دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ مہاجر قومی موومنٹ کا کہنا ہے کہ لندن ٹولہ متحدہ کے تمام دھڑوں کو ملا کر بننے والے ممکنہ اتحاد سے خوف زدہ ہے۔ حماد عباسی کا قتل اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ یاد رہے کہ حکومتی اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے بعد جب متحدہ پاکستان، لندن قیادت سے الگ ہوئی تھی تو اسی دوران فاروق ستار نے الطاف حسین کی جگہ لینے کی کوشش کی تھی۔ لیکن اپنے احکامات نافذ کرنے میں وہ ناکام رہے۔ جبکہ عام انتخابات سے قبل ٹکٹوں کی بندر بانٹ اور دیگر معاملوں پر عامر خان اور دیگر نے ان کو کھڈے لائن لگانے کی کوشش کی، جس کے بعد فاروق ستار کا پی آئی بی گروپ اور عامر خان کا بہادر آباد گروپ بنا۔ غدار وطن سے رابطہ رکھنے والے کچھ رہنما ان دونوں گروپوں میں شامل تھے، جنہوں نے فاروق ستار کی دال نہیں گلنے دی اور ان کا خواب پورا نہ ہونے دیا۔ بعد ازاں قانونی حربے اپنائے گئے، جبکہ کارکنوں سے فیصلے کرائے گئے۔ تاہم ہر معاملے میں فاروق ستار ناکام رہے۔ حالانکہ کمال گروپ کھل کر الطاف حسین کے خلاف بیانات دیتا رہا، تاہم فاروق ستار ڈھکے چھپے لفظوں میں غدار وطن کو اچھا بولتے رہے کہ ان کے اقدامات کو وہ اپنانا چاہتے ہیں، لہٰذا ان کا ساتھ دیا جائے۔ جبکہ بیرون ملک سے سابق گورنر سندھ عشرت العباد نئے دھڑے کے قیام کی کوشش کرتے رہے۔ اس حوالے سے مہاجر قومی موومنٹ، پاک سرزمین پارٹی اور متحدہ پاکستان کے بعض رہنما عشرت العباد سے ملتے رہے کہ متحدہ لندن کو چھوڑ کا تمام دھڑے مل کر نیا اتحاد بنائیں۔ اس میں بھی فاروق ستار آگے آگے رہے کہ شاید ’’الطاف ٹو‘‘ بن جائیں اور نئے دھڑے کی قیادت سنبھال لیں۔ فاروق ستار جن کو متحدہ پاکستان سے الگ کر دیا گیا تھا، چند روز قبل پارٹی بحالی کمیٹی کے سربراہ بن کر بھاگ دوڑ کرتے رہے کہ وہ دوبارہ 1984ء والی متحدہ بنانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ متحدہ کے تمام دھڑوں کے رہنما ان سے رابطوں میں ہیں۔ ادھر غدار وطن الطاف حسین کی ویڈیو منظرعام پر آئی کہ جو اس کا غدار ہے وہ موت کا حقدار ہے۔ بیان میں پاک سرزمین پارٹی اور متحدہ کے دونوں دھڑوں کے رہنمائوں کے نام لے کر انہیں قتل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ اسی لئے پاک سرزمین پارٹی کے دو ذمہ داروں اظہر عرف سیاں اور نعیم کے قتل کا مقدمہ الطاف حسین اور اس کے لندن میں موجود ساتھی جو جنوبی افریقہ اور بھارتی سیٹ اپ چلا رہے ہیں، ان کو نامزد کر کے درج کیا گیا جن میں ندیم احسان، سفیان یوسف، قاسم علی رضا تراوش کو نامزد کیا گیا۔ لندن ٹولے کے گرفتار دو بھائی مستقیم اور مقیم کی گرفتاری کے بعد دوران تفتیش معلوم ہوا کہ الطاف حسین تمام دھڑوں کو ملا کر نئی تنظیم بنانے کی کوشش پر سیخ پا ہے اور حکم دیا گیا ہے کہ ایسا کسی صورت نہ ہونے دیا جائے اور دوسرے دھڑوں کے رہنمائوں کو قتل کرنے کا کہا ہے۔ اس کے بعد متحدہ پاکستان کے رہنما علی رضا عابدی قتل ہوگئے۔ اس ساری صورت حال میں فاروق ستار نے موقع اچھا جانا اور سرگرمیاں شروع کر دیں کہ الطاف حسین ملک دشمن ہے، لہٰذا وہ چاہتے ہیں کہ تمام دھڑے مل کر کام کریں۔ فاروق ستار کی جانب سے مہاجروں کو ایک بار پھر لولی پاپ دے کر اکسایا جارہا ہے کہ ان کی قیادت میں نیا دھڑا بنے گا اور سارے دھڑے اس میں ضم ہو جائیں گے۔ انہوں نے ’’الطاف ٹو‘‘ بننے کیلئے مہاجر قومی موومنٹ، پاک سرزمین پارٹی اور متحدہ پاکستان کے رہنمائوں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں اور جلد از جلد نئے دھڑے کے اعلان کا کہا ہے۔ واضح رہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب لائنز ایریا میں مہاجر قومی موومنٹ کے یونٹ 52 کے انچارج حماد عباسی کو موٹر سائیکل سوار دو دہشت گردوں نے قتل کر دیا۔ اس سلسلے میں مہاجر قومی موومنٹ کے رہنما خالد حمید کا کہنا ہے کہ اس قتل کی کڑیاں متحدہ کے تمام دھڑوں کو مل کر ممکنہ نئے اتحاد کو روکنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے ملتی ہیں۔
دوسری جانب علی رضا عابدی کے قتل میں ملوث ایک ملزم کو کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا اور اس کی نشاندہی پر مزید 3 ملزمان پکڑے جا چکے ہیں، جنہوں نے دوران تفتیش بتا دیا ہے کہ انہیں الطاف حسین کی جانب سے متحدہ پاکستان اور دیگر دھڑوں کے رہنمائوں کو قتل کرنے کا ٹاسک ملا ہے۔
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More