سندھ کیخلاف ہر طرف سازشیں کی جارہی ہیں-ڈاکٹر قادر مگسی
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھ اس وقت انتہائی تکلیف دہ صورتحال سے دوچار ہے۔ سندھ کے خلاف کئی اطراف سے سازشیں کی جارہی ہیں اور روز بروز ان سازشوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ ان شازشوں کا مقابلہ کرنا اور سندھ کو سازشوں سے نجات دلانے اور خوشحالی کے لئے ایک انقلابی اور مقبول پارٹی کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس ٹی پی کے 26ویں قومی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانگریس کی صدارت چیف آرگنائزر جام عبدالفتاح مسیجو میں منعقد ہوئی۔ جس میں مرکزی باڈی اور سینٹرل کمیٹی کے مختلف شعبوں اور حلقوں کی کارکردگی کی رپورٹیں پیش کی گئیں۔ رپورٹس کا تنقیدی جائزہ لیا گیا۔ پارٹی کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ ڈاکٹر قادر مگسی نے مزید کہا کہ اس کیلئے ایس ٹی پی کے کارکنوں کو عوام کے اندر قومی شعور پیداکرنے کیلئے رات دن جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ قومی کانگریس کا اجلاس آج 30دسمبر کو بھی جاری رہے گا۔ جس میں اہم قومی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور آئندہ کالائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔