کراچی (اسٹاف رپورٹر ہائیکورٹ میں تربیتی ورکشاپ سے 70 فیصد تفتیشی افسران غیر حاضر رہے۔پراسیکیوٹر جنرل نے عدم شرکت سے آئی جی اور اے آئی جی کراچی کو آگاہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر تفتیشی افسران کیلئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ، مذکورہ ورکشاپ ہر ہفتے کو ہائیکورٹ میں ہوگی۔ جس میں تفتیشی افسران کو مقدمات کی تفتیش کے حوالے سے تربیت کی جاتی ہے ۔مذکورہ ورکشاپ میں ایڈیشنل پراسیکیوٹر و ڈپٹی پراسیکیوٹرز بھی شرکت کرتے ہیں جو تفتیشی افسران کو مقدمات کی مؤثر تفتیش سےمتعلق آگاہی فراہم کرتے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ ورکشاپ میں تفتیشی افسران کی عدم دلچسپی نظر آئی اور محض 30 فیصد تفتیشی افسران نے شرکت کی جس پر پراسیکیوٹر جنرل نے آئی جی اور اے آئی جی کراچی کو تفتیشی افسران کی غیر حاضری سے آگاہ کردیا ۔اس حوالے سے پراسیکیوٹر جنرل سندھ ایاز تنیو نے امت کو بتایا کہ ہائیکورٹ کے حکم پر تربیتی ورکشاپ شروع کی گئی ہے۔ تفتیشی حکام کے دیئے گئے شواہد کی روشنی میں پراسیکیوٹر کیس چلاتے ہیں،شواہد کمزور ہو نے سے ملزمان سزا سے بچ جاتے ہیں،تفتیشی افسران کی تربیت میں عدم دلچسپی قابل تشویش ہے۔ صورتحال سے آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو آگاہ کردیا ہے انہوں نے غیر حاضر تفتیشی افسران کی فہرست مانگی ہے جو فراہم کردی جائے گی ۔