مری میں بااثر شخص کی فائرنگ سے ہوٹل منیجر شدید زخمی
مری(نامہ نگار۔خبر ایجنسیاں)مری مال روڈ پرجی پی او چوک میں واقع ایک رہائشی ہوٹل کے منیجر پر قاتلانہ حملہ فائرنگ سے منیجر شدید زخمی ہو گیا جسے تشویش ناک حالت میں بے نظیرہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ۔ملزم فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گیا ۔اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اورپولیس افسران سمیت شہریوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مددسے ملزم کی شناخت کر لی ۔ملزم مصعب خلیل سابق ناظم گھوڑا گلی اور فاران ہوٹل کے مالک حاجی راجہ خلیل کا بیٹا ہے۔ واقعات کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات مال روڈ کے مصروف جی پی او چوک میں واقع ایک بڑے ہوٹل میں داخل ہو کر ملزم مصعب خلیل نے ہوٹل استقبالیہ پر موجود منیجر آصف سے مبینہ طورپر 12 افراد کیلئے کمرا مانگا ۔ جب منیجر کی طرف سے کمرہ نہ ہونے کا کہا گیا تو ملزم نے طیش میں پسٹل نکال کراس پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو کر زمین پر گر گیا جبکہ فائرنگ سے شہریوں اورسیاحوں میں سخت خوف وہراس پیدا ہو گیا منیجر کے جسم میں5گولیاں لگیں ملزم فائرنگ کر کے بعد فرار ہو گیا۔ زخمی نوجوان محمد آصف کو فوری طور پر بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا جہاں وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ مری پولیس نے مدعی حافظ جاوید اخترعباسی کی درخواست پر ملزمان کیخلاف زیر دفعہ 324مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے تاہم چوبیس گھنٹے گزرنے کے باوجود ملزم تاحال گرفتار نہ ہوسکا اس واقعہ کے بعد شہر میں خوف وہراس کی فضا پائی جا رہی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ملزم کے والد ان دنوں تبلیغ پر گئے ہوئے ہیں۔