پسند کی شادی کرنیوالا مغوی جوڑا بازیاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سائٹ سپرہائی وے پولیس نے پسند کی شادی کرنیوالا مغوی جوڑا بازیاب کرکے ان کے 4 رشتے داروں کو گرفتار کرلیا، ملزمان مغویوں کو پنجاب لے جاکر غیرت کے نام پر قتل کرنا چاہتے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ سپرہائی وے کے علاقے جان محمد گوٹھ سے پیر اور منگل کی شب اغوا ہونیوالی خاتون اور اسکے شوہر کو پولیس نے ٹول پلازہ کے قریب بازیاب کرکے خاتون سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مغویہ کا چچاقاری بشیر، عبدالحمید، عذرا اور منظور پیر اور منگل کی درمیانی شب جان محمد گوٹھ میں رہائش پذیر نجمہ اور اسکے شوہر صفدر کو اغوا کرنے کے بعد شیریں جناح کالونی لے کر گئے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد انہیں گاڑی میں بہاولپور لے کر جارہے تھے کہ پولیس نے بروقت اطلاع پر ملزمان کو دھر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا ہونے پر مغویہ نجمہ نے فوری طور پر اپنے فون سے پولیس کو اطلاع کی تھی، جسکے بعد اسکے موبائل فون کو ٹریکننگ پر لگا کر لوکیشن ٹریس کی جارہی تھی، پہلے مغویہ کی لوکیشن شیریں جناح کالونی اور پھر ٹول پلازہ کی آئی، جس پر پولیس نے گاڑی روک کر چادر میں لپٹی خاتون اور اس کے شوہر کو بازیاب کرالیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قاری بشیر مغویہ کا سگا چچا ہے اور ملزمان مغویہ اور اسکے شوہر کو بہاولپور لے جاکر غیرت کے نام پر قتل کرنا چاہتے تھے، نجمہ اور صفدر نے 15اکتوبر کو کورٹ میں اپنا نکاح رجسٹرڈ کرایا تھا، گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔