عہدیدار تقرر پر تحریک انصاف میرپور خاص گروپ بندی کا شکار
میرپور خاص (بیورو رپورٹ) تحریک انصاف میرپور خاص گروپ بندی کا شکار ہو گئی، صوبائی اور ڈویژنل قیادت میں موجود اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔ میرپورخاص ضلع کیلئے صوبائی صدر اور ڈویژنل صدر نے الگ الگ عہدیداروں کے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے، جس سے کارکنان تذبذب کا شکار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے صوبائی قائدین کے بعد میرپورخاص میں بھی پی ٹی آئی گروپ بندی کا شکار ہو گئی ہے، چند روز قبل صوبائی صدر امیر بخش بھٹونے 29دسمبر کو میرپورخاص کے لئے ضلعی صدر نور محمد سیال ، سینئر نائب صدورحاجی عبدالعزیز مری، برکت علی شر ، جنرل سیکریٹری احمد مکی مری ،ڈپٹی جنرل سیکر ریٹریز محمد جاوید انصاری دانش منصوری، نائب صدور محمد زکی خان ،ملک عبدالغفار ،رئیس گل حسن لغاری ،رئیس احمدقریشی ، اور سیکریٹری انفارمیشن محمد عامر لغاری کے عہدوں کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے انھیں کام کرنے کی ہدایت کی تھی جبکہ 31دسمبر کو تحریک انصاف میرپورخاص ڈویژن کے صدر اکبر پلی نے صوبائی صدر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو رد کرتے ہوئے میرپورخاص ضلع کے لئے صدر آفتاب حسین قریشی، جنرل سیکریٹری عبدالرشید قائم خانی، سینئر نائب صدور کے لئے رزاق سومرو، دلبر بھٹی، نائب صدور کے لئے ارشاد ملک، امتیاز مری اور انفارمیشن سیکریٹری کے لئے دانش ملک کی نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے بعد اب میرپورخاص میں پی ٹی آئی کے دو ضلعی صدر دو جنرل سیکریٹریز اور دیگر عہدیدار موجود ہیں صوبائی اور ڈویژنل قائدین کے درمیان ضلعی عہدیداروں کی نامزدگی میں اختلافا ت کے باعث کارکنان شدید پریشان اور تذبذب کا شکار ہیں کہ کس عہدیدار کے ساتھ مل کر کام کریں۔ واضح رہے کہ ضلعی عہدیداروں کے تقرر کا اختیار صوبائی صدر کے پاس ہے جبکہ ڈویژنل صدر کے کسی بھی نوٹیفکیشن کو رد کرنا صوبائی صدر کے اختیا ر میں ہے مگر صوبائی صدر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کو ڈویژنل صدر رد نہیں کر سکتے میرپورخاص میں جاری پی ٹی آئی میں گروپ بندی سے پارٹی کی سرگرمیوں کو نقصان ہو رہا ہے۔