وزیر اعظم عمران خان کے استاد میجر(ر) جیفری ڈگلس انتقال کرگئے

0

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کے استاد ریٹائرڈ میجر جیفری ڈگلس لینگ لینڈز لاہور میں انتقال کرگئے۔ان کی عمر 101 برس تھی اور شعبہ تعلیم میں گراں قدر خدمات پر انہیں دنیا بھر میں شہرت حاصل رہی۔اس حوالے سے بتایا گیا کہ ’جیفری ڈگلس لینگ لینڈز کا گزشتہ صبح 10 بج کر 15 منٹ پر انتقال ہوا‘۔جیفری ڈگلس لینگ لیڈز کو ستارہ امتیاز، ہلال امتیاز سمیت آڈر آف سینٹ مائیکل اینڈ سینٹ جارج اور آڈر آف برٹش ایمپائر جیسے اعزازات سے نوازا گیا۔وہ 21اکتوبر 1917کو انگلینڈ کی ریاست یارکشائر میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم کے بعد مقامی اسکول ’کریڈون‘ میں بطور معلم فرائض انجام دینے لگے۔بعد ازاں انہوں نے 1939میں برطانوی آرمی میں شمولیت اختیار کی اور 1944میں انڈین آرمی کیلئے رضاکارانہ خدمات پیش کی۔قیام پاکستان کے بعد انہیں پاکستان آرمی میں شمولیت کی پیشکش ہوئی جسے انہوں نے اپنی مرضی سے قبول کیا۔جب فوج سے ریٹائرڈ ہوئے تب وہ میجر کے عہدے پر فائز تھے، اس وقت کے صدر ایوب خان کی جانب سے انہیں پاکستان میں مستقل سکونت اختیار کرنے کی اجازت ملی اور 1954میں ایچی سن کالج میں ملازمت مل گئی۔1979میں انہیں ایچی سن کالج سے شمالی وزیرستان میں قائم رزمک کیڈٹ کالج میں بطور پرنسپل مقرر کردیا گیا، جہاں انہوں نے 10برس یعنی 1989تک فرائض انجام دیئے۔ایچی سن کالج میں 25سالہ تدریسی ملازمت کے دوران انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک، سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار، سابق صدر فاروق احمد لغاری کے علاوہ کئی مشہور شخصیات کو تعلیم دی۔ایچی کالج کی جانب سے ان کے انتقال کی تصدیق کے بعد ان کے اہل خانہ کیلئے تعزیت کے پیغامات بھیجے گئے، میجر ڈگلس لینگ لیڈز کی میت نجی اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر ڈگلس نے شمالی علاقوں اور ٹریکنگ کی محبت جگائی۔پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھومس ڈریو نے جیفری ڈگلس لینگ لینڈز کی وفات پر ٹوئٹ کیا کہ ’پاکستان ایک حقیقی دوست اور عظیم استاد سے محروم ہوگیا‘۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More