پشاور میں 3اسلحہ اسمگلر پکڑے گئے
پشاور(نمائندہ امت) پشاورپولیس نے درہ آدم خیل سے لاکھوں روپے مالیت کا بھاری تعدادمیں اسلحہ ایمونیشن پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا تے ہوئے مختلف کارروائیوں کے دوران تین اسلحہ سمگلروں کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق پشاورپولیس نے سال نو کی آمد کے موقع پرسیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے ہوئے تھے جس کے دوران شہر کے تمام داخلی اورخارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل جاری تھا ۔اس دوران ایس پی صدر ڈویژن صاحبزداہ سجاد خان کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ درہ آدم خیل سے لاکھوں روپے مالیت کا اسلحہ پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اطلاع ملنے پر انہوں نے ڈی ایس پی صدر سرکل فضل واحدکی نگرانی میں پولیس ٹیم تشکیل دی ۔پولیس نے کشن گڑھ روڈ پر ناکہ بندی کرتے ہوئے درہ آدم خیل سے آنیوالی مشتبہ موٹر کار نمبر R-5114 کو روک کر گاڑی کی چیکنگ کرنے پر خفیہ خانوں سے 13120 عدد مختلف بور کے کارتوس اورایک عدد پستول برآمد کرکے گاڑی میں سوار سمگلر قیصر ولد زیرا جان سکنہ درہ آدم خیل کو گرفتار کرلیا ۔اسی طرح دوسری کاروائی میں ایس پی سٹی شفیع ا للہ گنڈا پور کی ہدایت پر ڈی ایس پی عتیق شاہ کی نگرانی میں ایس ایچ او ہشت نگری اشفاق خان نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ جی ٹی روڈ پر ناکہ بندی کرتے ہوئے دو مشکوک افرا د کو روک کر ان کی چیکنگ کرنے پر ان کے قبضہ سے مختلف بور کے 400کارتوس برآمد کرلیے جبکہ ملزمان رحمت اللہ ولد فیض اللہ اورسید نجم الحسنین ساکنان پاڑہ چنار کو گرفتار کرلیا پولیس نے دونوں کاروائیوں میں گرفتار ہونے والے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔