ایرانی ڈیزل – چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام -9دھرلیے
نوری آباد (نمائندہ امت)نوری آباد پولیس اور کسٹم پولیس نے مشترکہ کارروائی میں ایرانی ڈیزل اور چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ۔پولیس کے مطابق جوکیا موڑ کے قریب چار ٹینکر ز میں چھپایا گیا 800 لیٹر ڈیزل اوراسمگل شدہ سوپاری کے 200 بورے اور ڈرم برآمد کر کے 9 ملزم گرفتار کر لئے ہیں ، جس میں محمد عرفان سیال، واجد علی، قیوم خان، اسرار پٹھان، حسن خاصخیلی،امرشی کولھی، حبیب اللہ پٹھان اور رضا اللہ پٹھان شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے اسلحہ اور نقدی اور موبائل فون برآمد کرلئے ہیں ۔ ڈپٹی کلیکٹر کسٹم سید کریم عادل گیلانی،ایس ایس پی جامشورو توقیر احمد نعیم نے بتایا کہ نوری آباد پولیس اور کسٹم پولیس کی یہ بڑی کامیابی ہے۔اسمگلر ز ان راستوں سے ایرانی ڈیزل اور چھالیہ اسمگل کرنے کا کاروبار کرتے ہیں ۔گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر چھاپے مارکر مزید ملزم گرفتارکئے جائیں گے ۔