حیدر آباد/ محراب پور (اسٹاف رپورٹر/ نمائندگان) حیدر آباد اور محراب پور سمیت دیگر شہروں میں لیڈی ہیلتھ ورکرز نے الیکشن ڈیوٹی کا معاوضہ نہ ملنے کیخلاف دھرنے دیئے۔ حیدآباد میں ڈی سی آفس کے سامنے دھرنا دیا گیا، جس سے ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی۔ اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر رہنماؤں طلعت ناز، راحیلہ شیخ اور دیگر نے کہا کہ ہم سے سیکورٹی گارڈ کی ڈیوٹی لی گئی، اور اب 6 روز گزرنے کے باوجود معاوضہ ادا نہیں کیا جا رہا۔ جو نا انصافی ہے۔ انہوں فوری طور پر معاوضہ فراہمی کا مطالبہ کیا بصورت دیگر پولیو مہم کے بائیکاٹ کا انتباہ کیا۔ ادھر تعلقہ اسپتال محراب پور میں بھی دھرنا دیا گیا۔ اس موقع پر تہمینہ فاروق، امیرزادی، مسرت اور شہزین نے اعلی حکام سے اپیل کی کہ لیڈی ہیلتھ ورکر کو الیکشن ڈیوٹی کا معاوضہ فوری ادا کیا جائے۔ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کئے اور دھرنے دیئے گئے۔