وسیم اختر کراچی میں فساد کرانا چاہتے ہیں۔جماعت اسلامی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیر برجیس احمد نے میئر کراچی وسیم اختر کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میئر شہر میں فساد کرانا چاہتے ہیں۔نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ کی پٹیشن رفاہی پلاٹوں ، کھیل کے میدانوں ، پارکوں اور لائبریریوں کے پلاٹوں پر قبضہ کر کے بنائی گئی تعمیرات کے خلاف تھی۔ان کی پٹیشن میں کہیں بھی دکانوں اور مارکیٹوں کو توڑنے کا مطالبہ شامل نہیں تھا اور نہ ہی سپریم کورٹ نے دکانیں توڑنے کا حکم جاری کیا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ میئر نے دکانیں توڑیں اور متاثرین کو متبادل فراہم کرنے کی ذمہ داری بھی وسیم اختر پر ہے۔گارڈن کی کے ایم سی مارکیٹ سمیت دیگر مارکیٹوں میں آپریشن فوری روکا جائے۔ میئر نے پہلے متعدد مارکیٹوں کو تباہ کر کے تاجروں کو بے روزگار کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میئر کراچی بتائیں کہ انہوں نے اب تک کتنے رفاہی پلاٹوں ، کھیل کے میدانوں ، پارکوں اور لائبریریوں کے پلاٹوں پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا؟ قبضے ختم کرائے؟ یہ بھی بتائیں کہ انہوں نے متحدہ کے سابق وزیر بابر غوری کی قبضے کی گئی زمینوں پر قائم کتنی ناجائز عمارتوں کو توڑا؟۔کے ایم سی کی الاٹ شدہ دکانوں اور کاروباری طبقے کو بے روزگار کر کے شہر میں انارکی پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔انہوں نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ عوام کو بے روزگار کرنے کے لیے جاری آپریشن کے خلاف نوٹس لیا جائے ۔