اے پی این ایس نے پرنٹ میڈیا سے متعلق وزیر اطلاعات کابیان مسترد کردیا
کراچی (پ ر) اے پی این ایس نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کے اس بیان کو مستردکیا ہے کہ پاکستان میں پرنٹ میڈیا کا مستقبل تاریک ہونے جار ہاہے ، اے پی این ایس نے مطالبہ کیا کہ وزیر اطلاعات اپنے موقف پر نظر ثانی کرتے ہوئے وزیر اعظم کے احکامات کے مطابق میڈیا کے واجبات کی ادائیگی یقینی بنائیں۔اس حوالے سے اپنے ردعمل سیکریٹری جنرل سرمد علی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے خلاف اٹھنے والی ہر آواز دبانے کیلئے میڈیا کو کنٹرول کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اے پی این ایس اپنے ماضی کو دہراتے ہوئے ان ہتھکنڈوں کا بھرپور مقابلہ کرے گا ۔اور پرنٹ میڈیا کو بحران سے نکالے گا ۔انہوں نے کہا کہ پرنٹ میڈیا کی 70سالہ تاریخ گواہ ہے کہ سینسر شپ اور اشتہارات کی بندش ودیگر ہتھکنڈوں اور جمہوری وآمرانہ ادوار میں میڈیا کو ڈرانے دھمکانے سمیت ہر زیادتی کیخلاف صحافی ادارے ثابت قدم رہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں آزاد میڈیا ناگزیر ہے۔ اے پی این ایس پرامید ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین میڈیا کے حوالے سے اپنے موقف پر نظر ثانی کرتے ہوئے میڈیا کے واجبات کی ادائیگی کویقینی بنائیں گے جن کی ادائیگی کی یقین دہانی وزیر اعظم عمران خان کرواچکے بھی ہیں تاکہ پرنٹ میڈیاکو مالی بحران سے نکلنے میں مددملے سکے ۔