کارڈیلر کے گھر ڈکیتی۔اغوا میں ملوث سی ٹی ڈی انسپکٹر گرفتار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)نیو ٹائون انویسٹی گیشن پولیس نے ایک ماہ قبل بہادرآباد میں کار ڈیلر کے گھر میں ہونے والی ڈکیتی اور اغوا میں مبینہ طور پر ملوث سی ٹی ڈی انسپکٹر کو گرفتار کرلیا۔گرفتار انسپکٹر اور اس کے ساتھی اہلکار نے مدعی فرحان میمن اور اس کے بھائی فیضان کو اغوا کرکے نقدی، پرائز بانڈز، موبائل فونز اور لیپ ٹاپ اپنے ساتھ لے گئے تھے۔نیو ٹائون کے علاقے بی ایم سی ایچ سوسائٹی شرف آباد مصطفیٰ سینٹر تھرڈ فلور فلیٹ نمبر 301 کے رہائشی محمد فرحان ولد عبدالرشید نامی شخص نے 7 دسمبر کو تھانے میں اپنے گھر میں ڈکیتی اور اغوا کے حوالے سے ایک درخواست دی تھی، جس پر پولیس نے مدعی فرحان کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 280/18 درج کیا تھا۔مدعی کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ ڈیرھ برس سے اپنی اور اپنے چھوٹے بھائی محمد فیضان کی فیملی کے ہمراہ مذکورہ گھر میں رہائش پذیر ہیں اور 3 برس سے ایم اے جناح روڈ پر دعا آٹو موبائل کے نام سے گاڑیوں کا شوروم چلا رہے ہیں۔3 دسمبر کی صبح وہ اور اس کا بھائی سوئے ہوئے تھے کہ دروازے پر دستک کے بعد پولیس وردی میں ملبوس 2 افراد ، 4سادہ لباس افراد اور 2 لیڈیز پولیس اہلکاروں کے ہمراہ داخل ہوئے تھے۔ میں نے وجہ پوچھی تو اہلکاروں نے جواب دینے کے بجائے کہا کہ پیسے کہاں ہیں اور پھر تلاشی کے دوران واش روم کے مچان میں رکھے 2 عدد بیگ جس میں میرے مختلف انویسٹرز کی امانتا رقم و پرائز بانڈز جس میں 33,35,000روپے کے 15000 روپے والے پرائز بانڈز، نقد ایک کروڑ 81 لاکھ 15 ہزار روپے، ایک لیپ ٹاپ ، 4 موبائل فونز قبضے میں لیکر ہم دونوں بھائیوں کو باہر لائے، جہاں پولیس موبائل اور ایک ہائی جیٹ سلور رنگ کی گاڑی کھڑی تھی اورہمیں ساتھ لے جاکر 20 منٹ بعد اتارا اور پھر ہمیں دوبارہ گاڑی میں بٹھاکر 15 منٹ بعد پھر اتار دیا اور کسی سے ذکر نہ کرنے کا کہہ کر چھوڑ دیا۔ملوث اہلکاروں کو سامنے آنے پر شناخت کرسکتا ہوں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمے کے بعد نیو ٹائون انویسٹی گیشن پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کار ڈیلر کے گھر میں لوٹ مار میں ملوث سی ٹی ڈی کے انسپکٹر رانا اشفاق کو باضابطہ گرفتار کرلیا، جس نے ساتھی پولیس افسران کے نام بھی اگل دیئے اور رقم تقسیم کیے جانے کا بھی اقرار کیا۔ذرائع نے مزید بتایا کہ انسپکٹر رانا اشفاق نے رضوان، عابد، شہزاد و دیگر سمیت 2 خواتین پولیس اہلکار ٹیم میں شامل ہونے کا اعتراف کیا۔امت کی جانب سے تفتیشی افسر نیو ٹائون سے موقف کے لئے متعدد بار موبائل فون پر رابطے کی کوشش کی گئی، لیکن ان کا موبائل فون مسلسل بند ملا۔