کبڈی سیریز کیلئے بھارتی – ایرانی ٹیمیں پاکستان آگئیں
لاہور(خبرنگارخصوصی) روایتی حریف بھارت اور ایران کی ٹیمیں تین ملکی کبڈی سیریز کیلئے پاکستان پہنچ گئیں۔پاکستان کبڈی فیڈریشن (پی کے ایف)کے زیر اہتمام سیریز کا آغاز 8 جنوری کوہوگا جو ایک ہفتہ تک جاری رہےگی ۔سیریز کے دوران پنجاب کے چار شہروں میں مقابلے منعقدکئے جارہے ہیں جن میں سرگودھا،بہاولپور،ساہیوال اور لاہورشامل ہیں ۔ پندرہ کھلاڑیوں اور تین آفیشلز پر مشتمل بھارتی کبڈی ٹیم دیپا کورال اور بلجیت سنگھ کی قیادت میں جمعرات کے روز واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچی جہاں پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکر ٹری رانا محمد سرور،نائب صدر رمضان گھمن اور پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے سیکر ٹری طاہر جٹ نے مہمانوں کا استقبال کیا اور بھارتی کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے ۔ اس موقع پر بھارتی کھلاڑیوں نے گفتگو میں شاندار استقبال پر بے حد خوشی کاا ظہار کرتے ہوئے میزبان پاکستان کبڈی فیدریشن کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں مہمان ٹیم نے پنجاب کے صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی اور ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور سے بھی ملاقاتیں کیں جنہوں نے مہمان بھارتی کبڈی کھلاڑیوں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور توقع ظاہر کی کہ وہ واپسی پاکستان سے محبت کا پیغام لیکر واپس بھارت جائیں گے۔تین ملکی سیریز میں شرکت کے لیے ایرانی کبڈی ٹیم بھی گزشتہ روز پاکستان پہنچ گئی ہے ۔ ایرانی کے لاہور پہنچنے پر سیکر ٹری پاکستان کبڈی فیڈریشن رانا محمد سرور اور دیگر پی کے ایف عہدیداروں نے مہمان ٹیموں کا استقبال کیا۔ کبڈی فیڈریشن کے زیراہتمام تین ملکی کبڈی سیریز میں میزبان پاکستان کی دو ٹیمیں پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ مدمقابل ہونگی۔’’امت‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کبڈی فیڈریشن کہنا تھا کہ کبڈی پنجاب کا روایتی کھیل ہے اور 3ملکی سیریز سے کبڈی شائقین کو دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ایونٹ کےلیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے ۔پنجاب حکومت کے تعاون سے مہمان ٹیموں کےلیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں ۔