مٹھی (نمائندہ امت) پابندی کے باوجود صحرائے تھر پارکر میں نایاب نسل کے ہرن کا شکار جاری ہے، جس کیخلاف کوئی مؤثر منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔ گزشتہ شب بھی شکاریوں نے مٹھی کے نواحی گاؤں رنگیلو میں کئی ہرن شکار کر لئے، جبکہ ایک ہرن کو زخمی حالت میں چھوڑ کر شکاری واپس چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھر میں نایاب نسل چھنکارا ہرن کے شکار کا سلسلہ جاری ہے۔ مٹھی کے نواحی گاو¿ں رنگیلو میں گزشتہ شب شکاریوں نے کئی ہرن شکار کر لئے۔ جبکہ ایک کو زخمی کر کے واپس چلے گئے۔ صبح اہل علاقہ نے دیکھ کر محکمہ جنگلی حیات کو اطلاع دی۔ جس پر عملے نے اسے تحویل میں لیکر اینمل ہسبنڈری اسپتال مٹھی میں علاج کے لئے منتقل کیا۔ جبکہ نامعلوم شکاریوں کو گرفتار کرنے کے لئے رسمی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ادھر علاقہ مکینوں کا کہنا ہے شکاری کئی ہرن مار کر کے اپنے ساتھ لے گئے ہیں زخمی ہرن بھاگ کر دور جھاڑیوں میں پھنس گیا جس سے اس کی ٹانگ بھی ٹوٹ گئی ہے۔