پشاور میں ریلوے اراضی واگزار کرانے کی تیاری -قابضین کو نوٹس
پشاو ر(نمائندہ امت) پشاور ریلوے اراضی واگزار کرانے کیلئے قابضین کو نوٹسز جاری کردیئے گئے۔ رضاکارانہ تجاوزات ختم نہ کرنے پر غیرقانونی طور پر تعمیر کئے گئے 14گھروں- 28 دکانوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ گزشتہ روز اسپیشل مجسٹریٹ ریلوے پشاور ڈویژن مس وزیر کی ریلوے حکام کے ساتھ ریلوے کے پھاٹک کا دورہ کیا۔ ریلوے پشاور ڈویژن اعلی حکام کی ہدایت پر اسپیشل مجسٹریٹ ریلوے مس وزیر،راحت علی انسپکٹر لینڈ پشاور کے ساتھ پشاور میں واقع حاجی کیمپ اڈہ پھاٹک،غریب آباد نمبر 2،پر قائم رہائشی اور کمرشل پراپرٹی کا دورہ کیا۔مذکورہ جگہوں پر پہلے سروے کیا گیا تھا جس میں مزکورہ سرکاری زمین پر تجاوزات اور قبضہ ہوا ہے اس مد میں مزکورہ سرکاری زمین پر 14گھر اور 28دوکانیں قائم کی گئی ہے جس کے خاتمے کے لئے مزکورہ جگہ پر نوٹس جاری کردیئے گئے کہ وہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات خود رضاکارانہ طور پر ختم کردیں مقررہ مدت میں عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں اسپیشل مجسٹریٹ ریلوے مس وزیر کی نگرانی میں بھاری مشینری کے زریعے مزکورہ جگہوں پر قائم تجاوزات غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اپریشن کیا جائیگا جس میں تجاوزات اور تعمیرات کو مسمار کرکے ریلوے کی زمین قابضین سے واگزار کرائی جائیگی۔ پشاور ڈویژن ریلوے انتظامیہ کے مطابق سپیشل مجسٹریٹ ریلوے مس وزیر کی نگرانی میں ریلوے کی سرکاری زمین پر قائم تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی مختلف اوقات میں جاری رہے گی جس میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائیگی۔