کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ 12 مئی کے ری اوپن ہونے والے مقدمات میں ملزمان مرزا نصیب بیگ عرف رضوان چپاتی، رئیس مما اور عمیر صدیقی کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 14جنوری تک ملتوی کردی ہے ۔جمعہ کے روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ 12مئی کے ری اوپن ہونے والے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر جیل حکام کی جانب سے ملزمان مرزا نصیب بیگ عرف رضوان چپاتی، رئیس مما اور عمیر صدیقی کو ایک بار پھر پیش نہیں کیا جاسکا ۔ ملزمان کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ۔واضح رہے کہ سانحہ 12مئی کے 65اے کلاس مقدمات میں سے 12ری اوپن کرنے کے بعد انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت کو منتقل کئے گئے تھے۔ اس سے قبل اے ٹی سی نمبر 2میں 12مئی کے 4مقدمات پہلے ہی زیر سماعت ہیں۔ جن میں مئیر کراچی وسیم اختر سمیت 21ملزمان نامزد ہیں۔ مرزا نصیب بیگ کیخلاف مزید 3نئے مقدمات بھی خصوصی عدالت کو موصول ہوئے تھے۔ ملزم کیخلاف نبی بخش تھانے میں اسلحہ ایکٹ اور سول لائن تھانے میں اسلحہ اور بارودی مواد کا مقدمہ درج ہے۔