فرخ سلیم کی برطرفی پر ن لیگ نے سوالات اٹھادیئے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت میں شامل افراد اپنی نااہلی اورجھوٹ سے تباہی لارہے ہیں جب کہ ڈاکٹر فرخ سلیم نے معیشت پر سوالات اٹھائے تو ان کے نوٹی فکیشن پر یوٹرن لے لیا گیا۔ ایک بیان میں ترجمان (ن) لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وہ جاننا چاہتی ہیں کہ عمران خان کا بطور وزیراعظم نوٹی فکیشن جاری ہوا کہ نہیں؟، عمران خان کا بطور وزیراعظم، وزرا اور مشیروں کے نوٹی فکیشنز عوام کے سامنے لائے جائیں۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت اعلانیہ اور غیراعلانیہ اپنے تمام مشیروں کو سامنے لائے، قوم کو بتایاجائے کابینہ اجلاسوں میں بغیر نوٹی فکیشن کتنے لوگ شریک ہورہے ہیں؟ یہ جھوٹوں کا ٹولہ کل کہے گا کہ کابینہ کے تمام فیصلے ہی کالعدم ہیں کیونکہ ہمارا تونوٹی فکیشن ہی نہیں ہوا تھا، نوٹی فکیشن کے بغیر کابینہ اجلاسوں میں شرکت کرنے اور کرانے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے۔