پولیس یونیفارم جلد تبدیل کر ینگے- آئی جی
میرپور خاص (بیورو رپورٹ) انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں جرائم کی وارداتوں میں نمایا ں طور پر کمی آئی ہے جس کا سہرا پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز کو بھی جاتا ہے۔ سندھ پولیس کی یونیفارم کو جلد تبدیل کیا جائے گا ۔ عوام کی بڑھتی ہوئی تعداد کے سبب سندھ پولیس میں مزید نفری بھرتی کی جائے گی او ر سیف سٹی پروجیکٹ پر کام شروع کیا جارہا ہے۔ یہ بات انہوں نے میرپورخاص کے ایک روزہ دورے پر افسران کے اجلاس اورمیرپورخاص پر یس کلب کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ آئی جی نے مزید کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے ۔ ہماری کوشش ہو گی کہ سندھ بھر میں جرائم کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے ۔ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں میں ہمارے جوان ہر روز اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں ، تاکہ سندھ کا شہری آرام اور چین کی نیند سو سکے ، انہوں نے کہا کہ سندھ میں عوام کی بڑھتی ہوئی تعدا د کے پیش نظر سندھ بھر میں پولیس کی مزید نفری بھرتی کی جائے گی ، جو کہ عوام کی حفاظت کے لئےہو گی اور یہ بھرتیاں صرف او ر صرف میرٹ پر کی جائے گی ۔ سابقہ آئی جیز کے کاموں کو آگے کی طرف لے کر جائے گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب کی طرح سندھ پولیس کی یونیفارم بھی تبدیل کرنے پر غور کیا جارہا ہے ، لیکن پنجاب کی یونیفارم سے یہ یونیفارم مختلف ہو گی ۔ محکمہ پولیس کی جانب سے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ کا قیام بھی جلد عمل میں لایا جارہا ہے ۔ پولیس افسران کھیلوں کے پروگرام منعقد کریں ، تاکہ کھیلوں کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے صحافی حضرات بھی دہشت گردی کا شکا ر ہیں ، مگر صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کے وہ ان حالات میں بھی اپنی خدمات سرانجام دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور صحافیوں کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔