مولانا فضل الرحمٰن نے لانگ -ملین مارچ کا عندیہ دے دیا
اٹک ( نامہ نگار ) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، تبدیلی کے بلند بانگ دعویداروں نے ملک کو دنوں کے اندر دیوالیہ کر دیا، مہنگائی، بیروز گاری میں ہوش ربا اضافے کے ساتھ خارجہ محاذ پر حکمرانوں کی مغرب نوازی قومی المیہ بن چکی ہے، نام نہاد اور جعلی حکمران ملک کے نظریاتی و اسلامی تشخص کو ختم کرنے کے عالمی ایجنڈے پر اندھا دھند عمل پیرا ہیں،عنقریب اسلام آباد میں لانگ و ملین مارچ کا اعلان کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر جے یوآئی پنجاب ڈاکٹرقاری عتیق الرحمن سے اپنی رہائش گاہ اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں مظفرگڑھ ملین مارچ کی تاریخ ساز کامیابی پر اطمینان کا اظہار اور جنوبی پنجاب کے تمام جماعتی و دینی احباب کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر جماعتی و تنظیمی صورتحال کے علاوہ تحریک ناموس رسالت کو پنجاب میں مزید منظم کرنے اور اس میں تیزی لانے کے متعلق طویل مشاورت ، تحریک ناموس رسالت کے حوالے سے پنجاب بھر بالخصوص شمالی پنجاب کے جماعتی ذمہ داران و کارکنان کو اپنی صف بندی مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عاصیہ مسیح کے کیس میں حکمران اور عدلیہ دونوں نے عالمی اداروں سے خفیہ ڈیل کی ہے جو اب طشت ازبام ہوچکی ہے، انہوں نے ڈاکٹر قاری عتیق الرحمن سے تحریک تحفظ ناموس رسالت میں تیزی لانے کے متعلق لائحہ عمل پر بھی گفتگو کی مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک بھر اور بالخصوص پنجاب کے دینی کارکنوں کو ناموس رسالت کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار رہنا ہوگا ،عنقریب اسلام آباد میں لانگ و ملین مارچ کا اعلان کیا جائے گا جو یہود نوازحکمرانوں کی رخصتی تک جاری رہے گا ۔