کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)تاخیر کا شکار پی آئی اے کی پرواز میں دروازے بند ہونے کے باعث شدید گھٹن سے مسافروں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔گزشتہ روز صبح 7 بجے کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 300 ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئی۔تاخیر کے باوجود طیارہ پروان نہیں بھرسکا اور تمام مسافر جہاز کے اندر ہی انتظار کرتے رہے، جبکہ کئی مسافروں کو سانس لینے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔انتظامیہ کے مطابق پرواز تکنیکی خرابی کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی۔دوسری جانب مسافروں نے شکایت کی کہ اُنہوں نے ویڈیو بنانے کی کوشش کی تو عملے نے ان سے موبائل فون چھین لیا۔ذرائع کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں لندن کے 50 سے زائد مسافر بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ اسی نوعیت کا ایک واقعہ گزشتہ برس بھی پیش آیا تھا،جب پیرس سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے اے 750 میں اے سی سسٹم بند ہونے کے باعث ایک نومولود بچے سمیت دیگر مسافروں کی حالت خراب ہوگئی تھی، جس کا سی ای او نے نوٹس بھی لیا تھا۔