ڈاکس میں مکان سے لڑکی کی لاش ملی۔بہنوئی زیر حراست
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈاکس میں خالی مکان سے لڑکی کی لاش برآمد ہوئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ کئی سال قبل مقتولہ کی والدہ اور بہن کو پلاٹ کے تنازعے پر قتل کیا جاچکا۔پولیس نے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے مقتولہ کے بہنوئی کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ڈاکس تھانے کے علاقے مچھر کالونی مریم مسجد والی گلی میں خالی مکان سے لڑکی کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔جناح اسپتال میں مقتولہ کی شناخت 18سالہ ثمینہ دختر فضل کریم کے نام سے کی گئی۔ایس ایچ او پرویز سولنگی نے امت کو بتایا کہ مذکورہ مکان کئی ماہ سے خالی پڑا ہوا ہے، جبکہ مقتولہ اور اس کے اہل خانہ اس سے قبل بلدیہ ٹائون میں رہائش پذیر تھے اور تقریبا 5ماہ قبل یہاں منتقل ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر پتہ چلا ہے کہ مقتولہ کے علاقے میں کسی لڑکے سے تعلقات تھے، لیکن فوری طور پر یہ بات واضح نہیں ہوسکی، جب کہ قریب ہی مقتولہ کی بہن اور اس کا شوہر رہائش پذیر ہیں، تاہم مقتولہ کے والد فضل کریم نے کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے داماد پر شک ہے کہ اسی نے ان کی بیٹی کو مارا ہے ۔مقتولہ کے بہنوئی نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ ثمینہ ہفتے کی صبح 10بجے سے لاپتہ تھی اور اتوار کی صبح اس کی خالی مکان سے لاش ملی۔ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ کئی برس قبل مقتولہ کی والدہ اور ایک بہن کو سعید آباد میں پلاٹ کے تنازعے پر قتل کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کی گئی تھی، تاہم خاتون ایم ایل او نہ ہونے کے باعث لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔پوسٹ مارٹم کے بعد ہی وجہ موت معلوم ہوگی، تاہم پولیس نے مقتولہ کے بہنوئی اکمل کو گرفتار کرکے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔