قاضی حسین کی چھٹی برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی
لاہور(امت نیوز)سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کی چھٹی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔وہ 1970 میں جماعت اسلامی کے رکن بنے۔اس کے بعد پشاور اور پھر صوبائی امیر بنائے گئے۔ 1978 میں سیکرٹری جنرل اور 1987 میں مرکزی امیر منتخب کر لیے گئے اور تادم مرگ انہیں امیر منتخب کیا جاتا رہا۔مرحوم سینیٹر اور رکن قومی اسمبلی بھی رہے۔مولانا شاہ احمد نورانی کی وفات کے بعد متحدہ مجلس عمل کے صدر منتخب ہوئے۔مرحوم نے 4 عشرے ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کیا۔قاضی حسین نے جہاد افغانستان کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کیا۔سوویت یونین سے برسرِ پیکار افغان مجاہدین کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے کے لیے مرحوم نے دنیا بھر کی اسلامی تحریکوں کے قائدین اور علما و مفکرین کو ساتھ ملا کر مسلسل کوشش کی۔ قاضی حسین نے کشمیر ، فلسطین ، روہنگیا ، بوسنیا سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف آواز اٹھائی۔وہ 6 جنوری 2013 کو انتقال کر گئے۔انہیں آبائی علاقے نوشہرہ میں سپرد خاک کیا گیا۔دریں اثنا جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے سابق امیر کے یوم وفات پر اپنے بیان میں کہا کہ قاضی حسین قومی رہنما ، اتحاد امت کے داعی تھے۔ہمیشہ غلبہ دین کے لیے جدوجہد کی۔