عوام کی طاقت سے جے آئی ٹی کا مقابلہ کرینگے- آصف زرداری
بدین/ٹنڈو غلام علی(نمائندگان امت)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میرا دل کرتا ہے کہ مادری زبان میں تقریر کروں لیکن اسلام آباد والے کچھ اندھے، بہرے اور کچھ گونگے ہیں۔تو مجھے اردو میں بات کرنا پڑتی ہے۔ جنہوں نے کام کرنا ہوتا ہے وہ میری 100 دن کی کارکردگی دیکھ لیں۔ بدین کے گاؤں کپری موری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ تمام جے آئی ٹی میرے لئے بنی ہے عوام کی طاقت سے ان کا مقابلہ کرتا رہوں گا۔ عوام میرے ساتھ ہیں ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔ انہوں نے ملک کو ریاست مدینہ بنانے والے پہلے اپنا قبلہ درست کریں، یوٹرن لینے وار متضاد بیانات دینے والے حکومت چلانے کے اہل نہیں، عمران خان کی حکومت نے ڈالر کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ کیا ہے اور ان کے حواریوں نے ڈالر کو کمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے۔ 3ماہ میں مہنگائی کا طوفان لاکر عوام کو معاشی طور پر مفلوج کردیا ہے۔ 3ماہ میں حکومت کی کارکعدگی سب کے سامنے آ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ٹیکس نہیں لگنے دیا گیا کپتان کے آنے سے پہلے 90بلین ڈالر فارن ریوزرتھا ، 50 بلین ڈالر پاکستان کا اپنا تھا وہ کہاں گیا۔ جو کام نہیں آتا وہ کرتے کیوں ہو۔ ضلع بدین اور ٹھٹھ کی 7 لاکھ ایکٹر زمین سمندر کھا رہا ہے کوسٹل ہائی وے بنا کر اسے روکیں گے۔پیپلز پارٹی کو پتہ ہے عوام کو کیا چاہیے اور اسی وجہ سے ووٹ دیتی ہے ۔ صرف 5 سال کا پلان نہیں بنانا چاہیے اور یہ لوگ 5 سال کا پروگرام بناتے ہیں۔ ہمارا مقابلہ ان سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کام کرنےہیں ہم نے گڑھی خدا بخش سے وعدہ کیا ہوا ہے۔میرا وعدہ ہے کہ سندھ کے عوام کے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ جلسے کے موقع پر آصفہ بھوٹو، وزیر اعلی سندھ صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو، رکن قومی اسمبلی میر غلام علی ٹالپور ، چیئرمین ضلع کونسل بدین علی اصغر ہالیپوٹہ اور دیگر بھی موجود تھے۔