سندھ میں قائم سیکڑوں یتیم خانوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ
کراچی(رپورٹ: راؤ افنان)سندھ بھر میں سیکڑوں یتیم خانوں سے صوبائی حکومت لا علم نکلی ۔کس یتیم خانے میں کتنے بچے ہیں۔ کسے کتنا سالانہ چندہ ملا اور کس مدمیں خرچ کیا گیا ،پلنے والے بچوں کو کب کس نے گود لیا یا یتیم لڑکیوں کی کب کس کے ساتھ شادیاں ہوئی اور اب وہ کہاں ہیں ۔اس کا کوئی ریکارڈ سرے سے موجود ہی نہیں ہے۔جبکہ ان یتیم خانوں کا سرکاری طورپرآڈٹ نہ ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔محکمہ سوشل ویلفیئر نے صورتحال کانوٹس لیتے ہوئے ان یتیم خانوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ ‘‘امت ’’سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری طحہٰ فاروقی نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں یتیم خانوں سے متعلق بنے 1976کے ایکٹ کے تحت کراچی میں قائم ان 26یتیم خانوں کو رجسٹرڈ کیا جائے گا جو کسی اور ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم یتیم خانوں کے کام کو سراہتے ہیں۔رجسٹریشن کا عمل آئندہ 2 ہفتوں میں شروع کردیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ ماضی میں خلاف ضابطہ طریقے سے یتیم خانوں کو دوسر ے ایکٹ کے ذریعے رجسٹرڈ کیا گیا جبکہ یتیم خانوں کےلئے بنےایکٹ 1976کے تحت ایک بھی فعال نہیں اور نہ ہی آرڈیننس1961 کے تحت کوئی رجسٹریشن کرائی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ 1976 ایکٹ کے تحت یتیم خانوں کے لئے ایک بورڈ مقرر ہونا چاہیے جوسالانہ مالی معاملات کی حکومت کو رپورٹ دینے کا پابند ہوتا ہے ،جس میں یتیم خانے کو حکومتی گرانٹ کتنی دی گئی،چندے کی مد میں کتنی رقم آئی،وفاقی و بین الاقوامی امداد کب اور کتنی ملی ۔ ان کا سب کا اندراج کرنا ہوتاہے۔محکمہ سوشل ویلفیئر کے مطابق کراچی میں 26 یتیم خانے فعال ہیں،جن میں 9 لڑکیوں کے لئے 13 لڑکوں کے لئے جبکہ 4 مشترکہ ہیں،لڑکیوں کے لئے یتیم خانوں میں سہراب گوٹھ پر ایدھی سینٹر ، صراۃ الجنہ کلفٹن بلاک ون میں،لیاری کھڈا مارکیٹ میں زہرہ اکیڈمی، مشل یتیم خانہ دار الاسلام سوسائٹی کورنگی ، ٹیپو سلطان روڈ پر الحمرا سوسائٹی میں نشیمہ،اسٹیڈیم روڈ پرکاشان الطفال ، ایف بی ایریا میں المحسن، تین ہٹی پرحسینیہ یتیم خانہ، گلشن اقبال کے عباس ٹاؤن میں گلستان زینبیہ، شانتی نگر میں دار الاطفال و البنات اور ملیر ہالٹ پر ایس و ایس ولیج شامل ہیں،اسی طرح یتیم و محتاج لڑکوں کے لئے کورنگی 5 میں ایدھی ہومز ، ایف بی ایریا میں پاکستان سوسائٹی کے نام سے نشے کے عادی و لاوارث بچوں کے لئے، گلشن معمار میں ماوا، کھڈا مارکیٹ میں عبداللہ ہارون، کورنگی چاکرہ روڈ پر مائے ہومز المصطفی ویلفیئر ٹرسٹ، حب ریور روڈ پر سوئٹ ہومز،ڈیفنس ویو روڈ پر اقرا سوئٹ ہومز،نارتھ کراچی میں شیڈ،نارتھ کراچی بلاک کیو میں ٖگوشہ عافیت،ماڑی پور روڈ پر داؤد ہومز اور شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر میں آغوش آرفن کیئر لڑکوں کے لئے قائم ہے،اسی طرح مشترکہ طور پر لڑکے اور لڑکیوں کے قائم یتیم خانوں میں گرو مندر پر انجمن حیات الاسلام،کھڈا مارکیٹ پر آشیانہ، نارتھ ناظم آبادبلاک ایچ حیدری میں صارم برنی ٹرسٹ اورایم اے جناح روڈ پر نمائش چورنگی کے قریب دارالسکون شامل ہیں۔