این اے 60میں الیکشن التوا کا نوٹیفکیشن کالعدم – ضمنی انتخاب کا حکم
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سپریم کورٹ نے این اے 60 میں الیکشن ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا اور الیکشن کمیشن کو این اے 60 میں نئے سرے سے انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ میں دوران سماعت چیف جسٹس اور شیخ رشید کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ پہلے کہا تھا کہ الیکشن بروقت ہوں گے، لوگ کہتے ہیں میں شیخ رشید کے ساتھ ملا ہوا ہوں۔ شیخ رشید نے کہا کہ آپ قوم کے ساتھ ملے ہوئے ہیں،اللہ نے آپ سے بہت بڑا کام لیا ہے، ملک بھرمیں الیکشن کے انعقاد پر آپ کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہوں، مجھ سمیت کسی کو یقین نہیں تھا کہ الیکشن ہوں گے۔عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد الیکشن کمیشن کو این اے60میں ضمنی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ جمع کرائے گئے تمام کاغذات نامزدگی منسوخ تصور ہوں گے۔واضح رہے کی این اے 60 پرمسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی تھے تاہم الیکشن سے چند روز قبل ہی حنیف عباسی کوایفیڈرین کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی، جس پر الیکشن کمیشن نے حلقے میں انتخاب ملتوی کر دیا تھا۔
اسلام آباد(خبر نگار خصوصی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے راولپنڈی کے حلقہ این اے 60سے اپنے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو الیکشن لڑانے کا اعلان کر دیا ۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے حلقہ این اے60 سےشیخ راشد شفیق عوامی مسلم لیگ کے امیدوار ہونگے جبکہ یہ فیصلہ عمران خان کریں گے کہ وہ قلم دوات سے الیکشن لڑے یا بلے کے نشان سے، جو عمران خان کا فیصلہ ہے وہ قوم کا فیصلہ ہوگا ۔ڈیڑھ لاکھ سےالیکشن جیتیں گے ۔این اے 60 میں الیکشن کمیشن کی جانب سےمیرےساتھ زیادتی کی گئی تاہم سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ میں انتخاب کے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دے کر اس زیادتی کا ازالہ کر دیا ہے۔