کراچی (اسٹاف رپورٹر )سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ایئر کی بین الاقوامی پروازوں کے بعد مقامی فلائٹس بھی بند کرنے کا اعلان کردیا، جبکہ شاہین ایئر نے آپریشن بحال ہونے کا دعویٰ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ڈیڑھ ارب سے زائد کے واجبات کی عدم ادائیگی پر شاہین ایر کی مقامی پروازوں کےلئے بھی خدمات اور سہولیات معطلی کا اعلان کیا،تاہم کوئٹہ سے ملتان اور کراچی حجاج کرام کو لانے والی پروازوں کےلئ مذکورہ خدمات اور سہولیات کی فراہمی بدستور جاری رہیں گی۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق معاید پوری ہونے پر شاہین ایرو کے لائسنس میں بھی ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے، تاکہ فریضہ حج ادا کرنے والے ایرب لائن کے مسافروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔یاد رہے کہ اس سے قبل واجبات کی عدم ادائیگی کی بنا پر سعودیہ کے سوا شاہین ائیر کی تمام بین الاقوامی پروازوں کو بھی ملک کے تمام ائیرپورٹس پر خدمات اور سہولیات کی فراہمی پہلے ہی معطل کی جاچکی ہے۔ ڈائریکٹر مارکیٹنگ شاہین ایئر زوہیب حسن نے امت کو بتا یا کہ عدالتی احکامات کے مطابق ادائیگیاں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شاہین ایئر شیڈول کے مطابق فارن کرنسی میں ادائیگی کرتی ہے جس پر آر فارم کے ذریعے انتظامیہ کو رقم موصول ہونے کا تاخیر سے علم ہوتا ہے اور بنا تصدیق کئے سی اے اے حکام پروازوں کی منسوخی اور آپریشن بندش کی خبریں چلا دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فلائٹ آپریشن شیڈول کے مطابق چل رہا ہے اور شام میں بھی کراچی –کوئٹہ کی پرواز روانہ کی گئی ہے ۔