سعودیہ گوادر میں اربوں ڈالر سے ریفائنری لگائے گا- عرب نیوز

0

اسلام آباد (امت نیوز) پاکستان اور سعودی عرب سرمایہ کاری کے ایک بڑے منصوبے کے لیے کام پر تیار ہوگئے ہیں ،جس کے تحت گوادر میں کئی ارب ڈالر کی لاگت سے سعودی آرامکو آئل ریفائنری کی تعمیر ہوگی۔ سعودی روزنامہ عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب جلد ہی مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کرے گا۔ قبل ازیں کابینہ کے ایک رکن نے تصدیق کی تھی کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان فروری کے پہلے ہفتے میں پاکستان آئیں گے اور ان کی درخواست پر بننے والے پیٹروکیمکل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے مفاہمتی یاد داشت پر دستخط ہوں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اگست 2018میں منصب سنبھالنے کے بعد اپنا پہلا غیرملکی دورہ سعودی عرب کا کیا تھا ۔ دوست ملک نے پاکستان کو خسارے پر قابو پانے کے لیے 3اعشاریہ 18 کی شرح سود پر 2 ارب ڈالر فراہم کیے، جبکہ ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط بھی فروری کے پہلے ہفتے میں مل جائے گی۔ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو ماہانہ 274ملین ڈالر کی اوسط سے تیل کی فراہمی بھی اسی مہینے شروع ہوگی۔عرب نیوز کے مطابق فروری میں اعلیٰ سطح کے سعودی وفد کے سامنے پاکستان آئل ریفائنری سمیت سرمایہ کاری کے کئی معاہدوں پر دستخط کرے گا۔ وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اس رپورٹ کی تصدیق کی اور دعوی کیاکہ آئل ریفائنری کا منصوبہ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ پاکستان بورڈ آف انوسٹمنٹ کے چیئرمین ہارون شریف نے بتایا کہ آرامکو آئل ریفائنری کے مفاہمتی یادداشت کے عمل کو حتمی شکل دینے کے لیے کراچی سے 15 رکنی سعودی وفد نے گوادر کا دورہ کیا تھا۔ تمام ضوابط پر اتفاق ہوگیا اور مناسب وقت پر معاہدے پر دستخط ہوں گے۔ چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ کا کہنا تھا کہ مجھے سعودی عرب سے 3برس کے دوران 15ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آنے کی توقع ہے ،کیونکہ پاکستان میں آئل ریفائنری اور پیٹروکیمیکل کی سرمایہ کاری سے بالترتیب 6ارب ڈالر اور 10ڈالر کی آمدن کا تخیمنہ لگایا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More