شاہین ایئر کے 300 مسافروں کے چین میں پھنس جانے کا خدشہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر )آپریشن بندش پر چین سے شاہین ایئر کی پرواز کے ذریعے وطن آنے والے 300 مسافروں کے گوانگ زومیں پھنس جانے کا خدشہ ہے۔ذرائع کے مطابق سی اے اے اور شاہین ایئرکے درمیان جاری سرد جنگ مسافروں کو بھاری پڑنے لگی۔معلوم ہوا ہے کہ شاہین ایئر نے چین کے شہر گوانگ زو سے لاہور کیلئے پرواز این ایل 891کو 29 جولائی کو آپریٹ ہونا تھا، تاہم سی اے اے کی کلیئرنس نہ ملنے پر پرواز کو 2 اگست کےلئ ری شیڈول کیا گیا اور وہاں موجود مسافروں کو ایاٹا قوانین کے تحت ہوٹل اور طعام کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ ذرائع نے بتا یا کہ مذکورہ پرواز کے ذریعے 300 مسافروں نے وطن واپس آنا ہے، جس میں سے بعض کے ویزے 3 اور 4 اگست کو ایکسپائر ہوجائیں گے اور آپریشن بندش یا کسی بھی دوسری وجہ سے تا خیر کی صورت میں مذکورہ مسافروں کو گرفتاری کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے ۔ ترجمان شاہین ایئر نے امت کو بتایا کہ ری شیڈولنگ کے بعد سے مسافروں کو رہائش اور کھانا فراہم کر رہے ہیں، مسافروں کو متبادل فلائٹ کے ذریعے وطن لایا جائے گا ۔ویزا میعاد ختم ہونے پرمسافروں کی گرفتاری کی خبریں بے بنیاد ہیں ۔