شاہ فیصل کالونی میں 12 سالہ بچی درندگی کا نشانہ بن گئی
کراچی(اسٹاف رپورٹر) شاہ فیصل کالونی میں سفاک ملزم نے 12 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بناڈالا، پولیس نے سفاک ملزم کو گرفتار کرکے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق شاہ فیصل کالونی نمبر 3 روشن آباد میں مکان نمبر 467/C-5 میں ملزم امان نے 12 سالہ (الف) کو ہوس کا نشانہ بناڈالا، اس حوالے سے متاثرہ بچی کے والد کا کہنا ہے کہ 3 جنوری کی شب ساڑھے نو بجے میری بیٹی (الف) گھر سے دوسری گلی میں واقع جنرل اسٹور سے سودا لینے گئی تھی جہاں ملزم امان میری بچی کوبہلا پھسلا کر قریب ہی اپنے گھر لے گیا اور درندگی کا نشانہ بنایا، چیخ وپکار پر ملزم نے بچی کے منہ پر کپڑا باندھ دیا اوراسے دھمکی دی کہ اگر کسی کو بتایا تو وہ اسے جان سے ماردے گا، متاثرہ بچی کے والد کا مزید کہنا تھا کہ بچی گھر آنے کے بعد رات بھر خاموش رہی تاہم اگلے روز 4 جنوری کو اس نے چچی کو سارا واقعہ سنادیا۔ مجھے علم ہوا تو میں ملزم امان کے گھر گیا جہاں ملزم نے بھائیوں اور رشتے داروں کے ساتھ مل کر مجھے تشدد کا نشانہ بنایا ۔میری درخواست پر پولیس نے سفاک ملزم امان کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم سے تفتیش شروع کردی ہے۔