ٹرانسپورٹیشن نہ ملنے پر ایئر بلیو ملازمین کا نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر احتجاج
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ٹرانسپورٹیشن نہ ملنے پر ملازمین ایئر بلیو انتظامیہ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایئر بلیو انتظامیہ نے نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر تعینات ملازمین کی پک اینڈ ڈراپ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس پر ملازمین نے انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا۔ ملازمین نے ایئر پورٹ آپریشن بند کرنے کی دھمکی بھی دی، جس پر انتظامیہ نے ملازمین سے ان کے مطالبات جاننے کےلئ وفد نیو اسلام آباد ایئر پورٹ بھیجا۔ معلوم ہوا ہے کہ نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر ٹرانسپورٹیشن کی سہولت بند کرنے سے سب سے زیادہ خواتین عملہ متاثر ہو رہا تھا، جنہوں نے احتجاج میں موقف اختیار کیا کہ رات گئے اور علی الصبح شفٹوں کی تبدیلی کی وجہ سے انہیں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ احتجاج میں خواتین کسایتھ مرد ملازمین نے بھی سہولت کے خاتمے کے خلاف احتجاج شروع کیا جس پر انتظامیہ کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا ۔ معاملے پر ڈائریکٹر آپریشن ایئر بلیو راحیل سے موقف جاننے کے لئے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹیشن کے مسائل دور کر دیے گئے ہیں، جسکے بعدملازمین احتجاج ختم کرکے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے معمولی مسائل کو بروقت حل کر دیا جاتا ہے ۔ ایئر بلیو کا آپریشن معمول کے مطابق ہے اور ملازمین مسافروں کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں ۔