سب سے بڑامسئلہ کرنٹ اکائونٹ خسارے کاہے-وزیراعظم
اسلام آباد (امت نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بد عنوانی نے پاکستانی معیشت کو بہت نقصان پہنچا یا ہے ،اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرنٹ اکاونٹ خسارے کا ہے ۔ترک ٹی وی کو انٹر ویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں الیکشن مہم چلانے کے لیے پاکستان مخالف جذبات ابھارا جا رہا ہے ،دو ایٹمی ملکوں کا اختلافات کو جنگ سے حل کرنا خود کشی ہوگی۔ ان کاکہنا تھا کہ بھارت کو پیشکش کی آپ ایک قدم بڑھائیں، ہم دو قدم بڑھائیں گے، بھارت نے کئی بار مذاکرات کی پاکستانی پیشکش مسترد کی ۔وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات میں ہے ،اقوام متحدہ بھی تسلیم کرتی ہے کہ کشمیریوں کی جدو جہد مقامی ہے۔افغان صورتحال پر انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کا قیام بھی مذاکرات سے ممکن ہے ،طالبان کو مذاکرات پر آمادگی کے لیے خطے کے ممالک کو کردار ادا کرنا ہو گا ۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ مسائل کی وجہ سے چار ماہ کے دوران میں نے صرف 5دن کی رخصت لی۔