10 حلقوں میں دوبارہ گنتی کا جھگڑا عدالت پہنچ گیا
اسلام آباد ؍ لاہور ؍ سرگودھا ؍ فیصل آباد ؍ چنیوٹ (نمائندہ خصوصی+ خبر ایجنسیاں + مانیٹرنگ ڈیسک+نمائندہ امت ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے دوبارہ گنتی کی درخواستیں مسترد کرنے پر الیکشن کمیشن ، 10حلقوں کے ریٹرننگ افسران اور جیتنے والے امیدواروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 اگست تک جواب طلب کر لیا ۔عدالت نے کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روکنے کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ ریٹرننگ افسران کی طرف سے دوبارہ گنتی کی درخواستیں مسترد کئے جانے پر پیپلز پارٹی کے فیصل صالح حیات ، ایم کیو ایم کے خواجہ سہیل منصور ، تحریک انصاف کے علی اصغر خان اور حاجی ملک عدنان ، مسلم لیگ ن کے اسرار احمد اور سردار اسکندر جبکہ پیپلز پارٹی کے عبد الحکیم بلوچ، معشوق علی، نواب علی وسان، ضیاء الحسن لنجار اور شیراز شوکت نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ وکلا کی طرف سے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن روکنے کا حکم جاری کرنے کی بھی استدعا کی گئی جسےجسٹس عامر فاروق نے مسترد کرتے ہوئےریمارکس دئیے کہ کوشش ہے کہ جمعہ کو درخواستوں پر فیصلہ سنادیں۔ فیصلے میں تاخیر ہوئی تو نوٹیفکیشن روکنے کی درخواست کو دیکھیں گے۔ بعد ازاں عدالت نے درخواستوں کی سماعت 3 اگست تک ملتوی کر دی۔ادھر مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے این اے 131کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی جس پر عدالت نے کامیاب امیدوار عمران خان ،الیکشن کمیشن سمیت حلقہ این اے 131کے ریٹرننگ آفیسر کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے آج جواب طلب کر لیا ۔گزشتہ روز جسٹس مامون رشید شیخ نے خواجہ سعد رفیق کی عدالت میں درخواست گزار خواجہ سعد رفیق نے موقف اپنایا کہ این اے 131میں ریٹرننگ آفیسر نے عمران خان کو 603ووٹوں سے کامیاب قرار دیا تھا۔ریٹرننگ آفیسر کو دوبارہ گنتی کی درخواست دی تو صرف مسترد ووٹوں کی گنتی کی گئی۔پہلے تمام ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کی گئی اور بعد میں اسے مسترد کر دیا گیا ۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ این اے 131کے تمام ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا جائے ۔دریں اثناء این اے 106 فیصل آباد میں تحریک انصاف کے امیدوار نثار جٹ کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی جس کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا ثناء اللہ کی جیت برقرار رہی۔رانا ثناء کے مجموعی ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 6 ہزار 137 ہے۔ پی ٹی آئی کے نثار جٹ ایک لاکھ 3 ہزار 899 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔این اے 100 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی پرمسلم لیگی امیدوار قومی اسمبلی قیصر احمد شیخ کی جیت برقرار رہی ۔ دوبارہ گنتی تحریک انصاف کے امیدوار سید ذوالفقار علی شاہ کی درخواست پر کی گئی اسلامیہ کالج میں پانچ روز میں دوبارہ گنتی کے بعد دوبارہ قیصر احمد شیخ جیت گئے ۔ قیصر احمد شیخ 1319 ووٹوں کی لیڈ سے کامیاب قرار پائے ۔ ادھر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے رانا ثناء اللہ کے ایم این اے کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے سے متعلق این اے 106فیصل آباد سے ناکام پی ٹی آئی امیدوار نثار احمد کی درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر درخواست گزار وکیل سے 6اگست کو دلائل طلب کر لئے۔دوسری جانب پی پی74 سرگودھا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا گیا ہے۔ پی پی74سے ن لیگ کے مناظرحسین رانجھا51526ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ درخواست گزار تحریک انصاف کے امیدوار انصر اقبال نے50382 ووٹ لیے تھے۔