علاقائی اخبارات کے مسائل کے حل میں تعاون کرینگے۔سیکرٹری اطلاعات خیبرپختون
پشاور(پ ر)علاقائی اخبارات کی اہمیت مسلمہ ہے۔ اخبارات کے فروغ اور مسائل حل کرنے کے لئے صوبائی حکومت مکمل تعاون کرے گی۔مالی مسائل حل کرنے کے لئے ہر ماہ ادائیگی کا نظام متعارف کرایا اور اشتہارات کی منصفانہ و شفاف تقسیم کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات قیصر عالم خان نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز کے نائب صدر طاہر فاروق کی طرف سے محکمہ اطلاعات کے سبکدوش ہونے والے ڈائریکٹر جنرل فردوس خان کے اعزاز میں دیئے گئے الوداعی ظہرانے میں کیا۔ طاہر فاروق نے کہا کہ علاقائی اخبارات نے نامساعد حالات کے باوجود کسی بھی طرح ملازمین کو فارغ نہیں کیا۔ اس موقع پر روزنامہ عوام الناس (سوات اور راولپنڈی) کے لیے ایسوسی ایٹ رکنیت کے خطوط چیف ایڈیٹر اشرف ڈار کو دیے گئے۔تقریب میں مدیرانِ جرائد نے سبکدوش ڈائریکٹر جنرل فردوس خان کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں پشاور الیکٹرونک سپلائی کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل شوکت افضل اور عامر علی شاہ پریس سیکریٹری ٹو گورنر نے بھی شرکت کی۔