سندھ میں قوت سماعت سے محروم افراد بھی ڈرائیونگ کرسکیں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں اب قوت سماعت سے محروم افراد بھی ڈرائیونگ کرسکیں گے،صوبائی حکومت نے قوت سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے قانون میں ترمیم کی جائے گی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس ضمن میں چیف سیکریٹری کو خط لکھ کر ہدایت کی کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس برانچ اور ٹریفک پولیس سے اس حوالے سے رائے لیں اور اس کے بعد قانون میں ضروری ترمیم کریں تاکہ قوت سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جاسکیں ۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت تمام شہری قانون کے سامنے برابر ہیں اور انہیں قانون کے تحت مساوی تحفظ حاصل ہے اور اس میں کسی بھی بنیادپر کوئی تفریق نہیں جبکہ آرٹیکل 18 کے تحت تجارت و کاروبار یا پروفیشن کے حوالے سے آزادی کی ضمانت ہے۔وزیراعلی ہاؤس سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ فیصلہ عدالت عظمی کےاحکامات پرکیا گیا ہے۔ پوری دنیا،خاص طورپر بیشتر براعظموں کے بڑے ممالک بشمول امریکہ ، کینیڈا،روس، یورپی یونین کے تمام ممالک،بھارت،سعودی عرب ودیگر میں قوت سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جاتے ہیں تو پھر ہم انہیں جاری کیوں نہیں کررہے ۔ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قوت سماعت سے محروم افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے سے بے شمار سماجی و معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔ سب سے پہلے تو آئین میں فراہم کی گئی ضمانت پر عملدرآمد ہوگا، دوسرا یہ کہ قوت سماعت سے محروم افراد کو نقل و حمل میں آسانی ہوگی اور یہ آزادانہ طور پر اپنی گاڑیوں پر بغیر کسی پر بوجھ بنے سفر کرسکیں گے تیسرا یہ کہ قوت گویائی سے محروم افراد ملازمت حاصل کرنے کے بھی اہل ہوں گے، جس میں گاڑیاں چلانے کی مہارت بحیثیت ڈرائیور، اشیاء کی ٹرانسپورٹیشن ، ڈیلیوری پرسن، کوریئر سروس وغیرہ میں ملازمتیں حاصل کرسکیں گے ۔