مودی کا برطرف کردہ سی بی آئی چیف بحال
نئی دہلی(امت نیوز)بھارتی سپریم کورٹ نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کا حکم نامہ کالعدم قرار دیتے ہوئےسینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن سی بی آئی کے سربراہ الوک ورما کو عہدے پر بحال کردیا ہے۔مودی نے اکتوبر2017میں اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ملک کے سب سے بڑے تحقیقاتی ادارے کے سربراہ کو برطرف کر دیا ۔الوک ورما نے اپنی برطرفی کا حکومتی فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا ۔کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے فیصلے پر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی سربراہ کو ہٹا کر رافیل طیاروں میں کرپشن تحقیقات سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ منگل کو عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ورما کی برطرفی اورسی بی آئی کے قائم مقام چیف کی تقرری کالعدم قرار دے دی۔الوک کو مودی نے ایسے وقت پر برطرف کیا تھا جب ان کےنائب راکیش استھاناکے خلاف فرائض میں کوتاہی برتنے پر محکمہ کارروائی جاری تھی۔مودی کے انتہائی قریبی افسر راکیش استھاناپر الزام تھا کہ انہوں نے حیدر آباد دکن کی معروف کاروباری شخصیت کے خلاف منی لانڈرنگ کیس ملزم کی مرضی کے مطابق حل کرنے کے لیے بھاری رشوت لی تھی۔استھانا کی متوقع گرفتاری سے محض چند گھنٹے قبل مودی حکومت نے سیلکٹ کمیٹی سے صلاح و مشورے کیے بغیر آلوک ورما کو عہدے سے ہٹا کر تعطیل پر بھیج دیا تھا جو فروری 2019میں ریٹائرڈ ہو رہے ہیں۔کمیٹی نے ان کےنائب کو برطرف کردیا تھا۔بھارتی عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ وزیر اعظم،اپوزیشن لیڈر اور چیف جسٹس پر مشتمل اعلیٰ اختیاراتی سلیکٹ پینل کمیٹی معاملے کا ایک ہفتے میں جائزہ لےکر فیصلہ کرے۔