بلاول کا حلقہ انتخاب لاڑکانہ لوڈشیڈنگ فری قرار
لاڑکانہ (نمائندہ امت) سندھ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاڑکانہ کی تحصیل ہیڈ کوارٹر رتوڈیرو کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا، رتوڈَیرو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کا حلقہ ہے، ماضی میں وفاقی وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی نے فلور آف دی ہاؤس میں مذکورہ حلقہ میں سب سے زیادہ بجلی چوری کا الزام عائد کیا تھا۔ اس سلسلے میں سیپکو کنسٹرکشن ڈویژن کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نذیر سومرو اور ایگزیکٹو انجینئر مشتاق بڑدی نے عملے کے ہمراہ رتوڈیرو کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے پہنچے اور کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف دو ماہ کے سخت اور مزاحمت شدہ آپریشن کے بعد ہمیں کامیابی حاصل ہوئی ہے کہ 6ہزار بجلی صارفین پر مشتمل تحصیل رتوڈیرو کے چاروں فیڈر سٹی 1تا 4تک تھفٹ فری کر کے لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے، اب یہاں ایک منٹ بھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہو گی، ایک سوال کے جواب میں نذیر سومرو کا کہنا تھا کہ 15جنوری تک سیپکو کے 66فیڈر لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے دیئے جائیں گے جبکہ 15مارچ 2019تک 186فیڈر تھیفٹ فری قرار دے دینے کا ٹارگٹ ہے۔