جعلی تصاویر کے ذریعے داد سمیٹنے پر بھارتی فوج کو شرمندگی کا سامنا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)سوشل میڈیا پر حال ہی میں تیزی سے پھیلنے والی کچھ تصاویر کے متعلق دعویٰ کیا گیا کہ یہ بھارتی فوجیوں کی ہیں جو انتہائی نامساعد حالات میں بہادری سے کام کر رہے ہیں۔ ٹوئٹر،انسٹاگرام اور فیس بک پر موجود متعدد صفحات نے ان تصاویر کو شیئر کیا،لیکن جعلی تصاویر کےذریعے دادسمیٹنے پر بھارتی فوج کو شرمندگی کا سامنا ہے۔ بی بی سی کی تحقیق سے معلوم ہوا کہ بہت سے غیر ملکی فوجیوں کی تصاویر کو ایڈٹ کر کے انڈین فوجیوں کی تصاویر ظاہر کر کے سوشل میڈیا پر شئیر کیا گیا۔ ہاتھوں میں آٹومیٹک رائفل پکڑے کھڑی دو ’’انڈین‘‘ خواتین فوجیوں کی تصویر سوشل میڈیا پر جاری کی گئی جو درحقیقت کردستان کے پیشمرگا جنگجوؤں کی ہے۔سمندر کے کنارے کھڑے ایک مبینہ بھارتی فوجی کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی جس کاچہرہ برف سے ڈھکا ہوا ہے۔ ’’انڈین واریئر‘‘ نامی فیس بک پیج کے علاوہ دیگر فیس بک پیجز اور ٹوئٹر ہینڈلز سے اس تصویر کو سیکڑوں مرتبہ شیئر کیا گیا۔ لیکن حقیقت میں یہ تصویر ایک امریکی سرفر اور تیراک ڈین شکیٹر کی ہے۔ منفی50ڈگری میں سیاچن گلیشئر پر فرائض سرانجام دیتے انڈین فوجی کی تصویر دراصل روسی فوجی کی ہے۔