عوامی احتجاج پر بدقماش – شرابی پولیس افسر معطل
کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیو کراچی میں شراب کے نشے میں دھت پولیس افسرکی خاتون اور انکی بیٹی سے بدتمیزی کیخلاف علاقہ مکینوں نے بلال کالونی تھانے کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا، پولیس نے افسر کی معطلی کی اطلاع دیکر مظاہرین کو منتشر کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بلال کالونی تھانے کی حدود نیو کراچی سیکٹر فائیو ای کے مکینوں نے بلال کالونی تھانے کے باہر سب انسپکٹر اللہ ورایو کے رویے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ قاضی عمران نامی شہری کا کہنا ہے کہ مقامی خاتون اپنی بیٹی کے ہمراہ جارہی تھیں کہ سب انسپکٹر اللہ ورایو خاتون کے پاس آیا اور کہنے لگا کہ یہ میری بیٹی کی طرح ہے اور بچی کا ہاتھ پکڑ کر لے جانےلگا، جس پر خاتون نے شور مچایا تو لوگ جمع ہوگئے اور پولیس افسر وہاں سے فرار ہوگیا۔بعدازاں لوگوں نے بلال کالونی تھانے کے باہر احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ سب انسپکٹر کو معطل کردیا گیا ہے اور اسکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس حوالے سےایس ایچ او بلال کالونی اور ایس ایس پی سینٹرل سے بارہا رابطے کی کوشش کی گئی ،تاہم ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔