بلاول – مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے حکومتی انکار

0

اسلام آباد(نمائندہ امت/مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکانے کا معاملہ موخرکردیاگیا۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس کے دوران 26 نکاتی ایجنڈا زیرغور آیا، اس موقع پر ای سی ایل میں شامل 172 افراد کے نام کا جائزہ لینے والی خصوصی کمیٹی نے اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے عدالتی تفصیلی فیصلے کا انتظار کرے گی، تحریری فیصلہ ملنے کے بعد نام ای سی ایل سے نکالنے کا حتمی فیصلہ ہوگا۔ذرائع کے مطابق بلاول اور مراد علی شاہ کا نام فوری ای سی ایل سے نہ نکالے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ بلاول اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ آئندہ اجلاس میں دوبارہ زیر غور آئے گا۔وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ اجلاس پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے 20افرادکے نام ای سی ایل سے فوری نکالنے کی سفارش مسترد کر دی ہے۔انہوں نےکہا کہ وزارت قانون نےبتایاہےکہ سپریم کورٹ کافیصلہ ابھی تک انہیں نہیں ملا،تحریری فیصلہ آتےہی اس پرعملدرآمد کیاجائےگا۔اس حوالے سے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے،فروغ نسیم،شہزاداکبر،سیکریٹری داخلہ پرمشتمل کمیٹی بنادی ہے،کمیٹی ان 172افراد کےنام ای سی ایل میں رکھنے یانکالنے پراپنی سفارشات پیش کریگی۔انہوں نے کہا اوورسیز پاکستانیوں کیلیے ملک کےاندرروزگارکےمواقع وسیع کرناچاہتےہیں۔انہوں نے کہا کہ ہرسال 50ارب روپے کی گیس چوری کاسامنا ہے،پاکستان میں 28فیصد عوام کوموجودہ سسٹم کی عام گیس فراہم کی جا رہی ہے،63فیصدعوام ایل پی جی استعمال کررہےہیں۔یاد رہے کہ حکومت نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ کی روشنی میں 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے تھے جس پر سپریم کورٹ نے بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کا نام نکالنے کا حکم جاری کرتے ہوئے ای سی ایل میں شامل کیے گئے ناموں پر نظرثانی کی ہدایت کی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More