اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت عارف علوی نے سینیٹر اعظم سواتی کا بطور وفاقی وزیر استعفیٰ منظور کرلیا، جس کا اطلاق 6 دسمبر 2018 سے ہوگا۔کابینہ ڈویژن نے اس ضمن میں گزشتہ روز نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے مطابق صدر عارف علوی نے وزیراعظم عمران خان کی سفارش پر استعفیٰ منظور کیا ہے۔واضح ر ہے کہ سابق وفاقی وزیر سینیٹر اعظم سواتی کے استعفے کی منظوری کا نوٹیفکیشن حکومت نے ایک ماہ ،3 روز تک لٹکائے رکھا۔آئی جی اسلام آباد تبادلہ کیس میں نامزد اعظم سواتی نے سپریم کورٹ کی جانب سے جے آئی ٹی بنائے جانے کے بعد 6 دسمبر 2018 کو وفاقی وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا تاہم اس کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا بلکہ وفاقی کابینہ کی فہرست میں ان کا نام بطور وفاقی وزیر درج کئے رکھا۔ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر بحث آنے پر حکومت مجبور ہوگئی کہ استعفیٰ منظور کر لے۔عدالت عظمی ٰ نے اعظم سواتی کے اثاثوں کی جانچ پڑتال کا بھی حکم دے رکھا ہے۔