ڈہرکی میں پیٹرول پمپ مالکان کا کم پیمائش کا فراڈ پکڑا گیا
ڈہرکی (رپورٹ: میر عابد بھٹو) ڈہرکی میں پیٹرول پمپ مالکان کی جانب سے شہریوں کو کم پیٹرول فراہمی کا فراڈ پکڑا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر اور مختارکار مختلف پیٹرول پمپ پر چھاپے میں لیٹر کی پیمائش کرنے پر ایک ہزار ملی لیٹر کے بجائے صرف 900ملی لیٹر پیٹرول نکلا، جس پر معمولی جرمانے کر کے انہیں چھوڑ دیا گیا، بااثر افراد کے پیٹرول پمپ پر چھاپے نہیں مارے گئے۔ افسران کے جاتے ہی پیٹرول کم فراہمی کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈہرکی میں پیٹرول پمپ مالکان کی طرف سے شہریوں کے ساتھ کئے جانے والے فراڈ کا پھانڈا پھوٹ گیا، گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر عثمان عبداللہ اور مختارکار اشرف پتافی اچانک مختلف پیٹرول پمپ پر چھاپے لگائے، ایک لیٹر پیٹرول کی پیمائش کی گئی تو ایک ہزار ملی لیٹر کے بجائے صرف900ملی لیٹر پیٹرول نکلا جبکہ سرکاری ریٹ 91روپے لیٹر کے بجائے 93روپے فی لیٹر کے حساب سے پیٹرول فروخت کیا جارہا تھا، مذکورہ افسران نے ناکہ نمبر پانچ پر قائم الجبار پیٹرول پمپ اور کرکٹ گراؤنڈ کے سامنے قائم سٹی پیٹرول پمپ کے مالکان پر صرف دس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا، جبکہ منگریو پمپ اور بائیکو پمپ پر پانچ پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا، مذکورہ پیٹرول پمپ مالکان کافی عرصے سے شہریوں کے ساتھ فراڈ کر رہے تھے، مذکورہ افسران نے پیٹرول پمپ مالکان کے خلاف بڑی کارروائی کرنے کے بجائے صرف معمولی جرمانے عائد کئے، دوسری طرف شہر کے مختلف علاقوں میں قائم بااثر افراد کے پیٹرول پمپ پر چھاپے نہیں لگائے گئے، اس کے علاوہ ریتی روڈ، ریتی بائی پاس، داد لغاری روڈ، ناکہ نمبر پانچ، اللہ رکھیو چوک، رہڑکی روڈ سمیت دیگر علاقوں میں میں قائم غیرقانونی پیٹرول ایجنسیوں کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے، مذکورہ افسران نے صرف چار پیٹرول پمپ پر چھاپے لگائے جبکہ شہر میں قانونی اور غیرقانونی پچاس سے زائد پیٹرول قائم ہیں، جہاں پر سرکاری قیمت سے زائد نرخ وصول کر کے پیٹرول بھی ایک لیٹر سے کم دیا جاتا ہے۔