سی این جی 5روپے سستی-اسٹیشزکھولنے کااعلان
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وزارت پیٹرولیم نے اسلام آباد اور پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز کھولنے اورقیمتیں 5روپے لیٹرسستی کرنے کاا علان کر دیا، آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن (اے پی سی این جی اے) نے کہاہے کہ آرایل این جی کی قیمت ڈی ریگولیٹ کی جارہی ہے جس کے پیش نظراسٹیشن مالکان کوسی این جی کی قیمتیں کم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزارت پیٹرولیم نے کہا ہے کہ پنجاب اور اسلام آباد میں طے شدہ پلان کے مطابق سی این جی سٹیشن کھول دیے گئے ہیں۔ عوام کو سستی اور معیاری فیول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ترجمان کے مطابق ٹرانسپورٹ کے لئے سی این جی کی فراہمی سے ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔فیصلے سے عوام کو سفر کی کم خرچ سہولیات میسر آسکیں گی۔ ترجمان کے مطابق سی این جی کی قیمت 5روپے فی لیٹر کم کی گئی ہے۔ حکومت سی این جی سیکٹر کی ہرممکن مدد کرے گی۔پیٹرولیم ڈویژن سستا فیول فراہم کرنے کے لئے طویل مدتی پالیسی پر کام کر رہی ہے۔ دوسری جانب اے پی سی این جی اے نے عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر سی این جی کی قیمت میں 5روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین غیاث پراچہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کی جا رہی ہیں جس کے پیش نظر تمام سی این جی اسٹیشن مالکان کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ سی این جی کی قیمتوں میں مناسب کمی کر دیں۔ واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت اور پنجاب میں آر ایل این جی کوٹے پر چلنے والے تمام سی این جی اسٹیشنز28دسمبر سے بند تھے۔ پاکستان گیس پورٹ کنسورشیم لمیٹڈ (پی جی پی سی) ٹرمینل کی مرمت کے لیے بندش کے باعث اسلام آباد اور پنجاب میں سی این جی اسٹیشنز کو 10جنوری 2019تک بند کیا گیا تھا۔ وزارت پیٹرولیم کے مطابق سی این جی اسٹیشنز کی بندش گیس ٹرمینل کی بندش کے باعث آر ایل این جی کی رسد میں کمی کے پیش نظر کیا گیا تھا۔